آج کا دن

اسپیشل فیچر
پیرس کا محاصرہ
پیرس کا محاصرہ 19 ستمبر 1870ء سے 28 جنوری 1871ء تک جاری رہا۔اس محاصرے کا اختتام اس وقت ہوا جب پروشیا کی بادشاہی قیادت میں جرمن کنفیڈریشن نے شہر پر قبضہ کر لیا۔ یہ محاصرہ فرانکو،پرشین جنگ کا خاتمہ تھا، جس میں دوسری فرانسیسی سلطنت نے شمالی جرمن کنفیڈریشن کے خلاف جنگ کا اعلان کر کے براعظم یورپ پر اپنے تسلط کو دوبارہ قائم کرنے کی کوشش کی تھی۔ جرمن کنفیڈریشن حال ہی میں 1866ء کی آسٹرو،پرشین جنگ میں فتح یاب ہوئی تھی، جس کی وجہ سے براعظم یورپ کی غالب طاقت کے طور پر فرانس کی حیثیت پر ایک سوالیہ نشان لگ گیا۔ 2 ستمبر 1870ء کو فرانسیسیوں کو بدترین شکست کا سامناکرنا پڑا،شکست کے ساتھ ساتھ فرانسیسی شہنشاہ نپولین سوئم کی گرفتاری بھی عمل میں آئی۔
میکسیکو زلزلہ
19ستمبر1985ء کو میکسیکو شہر میں شدید زلزلہ آیا جس کی شدت8.0ریکارڈ کی گئی۔زلزلے نے گریٹر میکسیکو شہر کے علاقے کو شدید نقصان پہنچایا ،تقریباً5ہزار افراد لقمہ اجمل بنے۔19ستمبر کو مرکزی زلزلہ آیا،اس سے قبل بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے تھے ۔ زلزلے کے بعد دو بڑے آفٹر شاکس بھی محسوس کئے گئے۔دونوں آفٹر شاکس کی شدت بھی 7.0 اور 7.5 ریکارڈ کی گئی ۔ اس واقعے میں تین سے چار بلین امریکی ڈالر کے درمیان نقصان ہوا کیونکہ شہر میں 412 عمارتیں گر گئیں اور ہزاروں افراد کا جانی و مالی نقصان ہوا۔اس وقت کے صدر میگوئل ڈی لا میڈرڈ کو بھی اس واقع کے بعد شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
تھائی بغاوت
2006ء کی تھائی بغاوت کا آغاز 19 ستمبر 2006 کو ہوا ، جب رائل تھائی فوج نے وزیر اعظم تھاکسن شیناواترا کی منتخب نگران حکومت کے خلاف بغاوت کی ۔یہ بغاوت، تھائی لینڈ میں 1991ء کو ہونے والی بغاوت کے بعد پندرہ سالوں میں حکومت کی پہلی غیر آئینی تبدیلی تھی۔بغاوت سے قبل ملک بھر میں ایوان نمائندگان کے انتخابات ہونے تھے۔ یہ تھائی لینڈ اور دیگر جگہوں پر بڑے پیمانے پر رپورٹ کیا گیا ہے کہ فوجی بادشاہت کے گٹھ جوڑ میں پریم تینسولا نوندا انتہائی اہم شخصیت اور ماسٹر مائنڈتھے۔ فوج نے 15 اکتوبر کو ہونے والے انتخابات اور 1997 ء کے آئین کو منسوخ کر دیا۔ پارلیمنٹ اور آئینی عدالت کو بھی تحلیل کر دیاگیا۔ احتجاج اور تمام سیاسی سرگرمیوں پر پابندی لگا دی گئی۔ ملک بھر میں مارشل لاء کا اعلان کرنے کے بعد کابینہ کے تمام ارکان کو گرفتار کر لیا گیا۔
ماسکو معاہدہ
19 ستمبر 1944ء کو فن لینڈ ، سوویت یونین اور برطانیہ کے درمیان ماسکو آرمسٹائس معاہدے پر دستخط ہوئے، جس کے بعد جنگ کا خاتمہ ہوا۔اس معاہدے کے بعد1940ء کا ماسکو امن معاہدہ کچھ ترامیم کے بعد بحال کر دیا گیا۔فن لینڈ اور بہت سے اتحادیوں کے درمیان آخری امن معاہدہ 1947ء میں پیرس میں ہوا ۔ معاہدے کے مطابق فن لینڈ کو کریلیا اور سالا کے کچھ حصوں کے ساتھ ساتھ خلیج فن لینڈ کے بعض جزیروں کو بھی سونپنے کا پابند کیا گیا تھا۔ نئی جنگ بندی نے تمام پیٹسامو کو بھی سوویت یونین کے حوالے کر دیااور فن لینڈ کو مزید مجبور کیا گیا کہ وہ پورکلا کو پچاس سال کی مدت کے لیے سوویت یونین کو لیز پر دے۔