پھل کھائیں،یاداشت بہتر بنائیں
اسپیشل فیچر
ماہرین کے مطابق بعض پھل اور غذائیں نہ صرف دماغ کو طاقتور بناتی ہیں بلکہ کئی ذہنی اور دماغی امراض کو بھی دور رکھتی ہیں۔جن میں الزائمر اور ڈیمنشیا جیسے امراض بھی شامل ہیں۔ڈاکٹرزاور غذائی ماہرین کے نزدیک دماغ کو تیز اور بہتر بنانے والی 6 غذائو ں کو ٹانک بھی کہاجا سکتا ہے۔
زیتون کا تیل زیتون کے تیل میں 10 سے 15فیصد سیچوریٹڈ چکنائی ہوتی ہے، لیکن اس میں 2 تہائی مقدار مینو سیچوریٹڈ فیٹی ایسڈز ہوتے ہیں جو دل اور دماغ دونوں کے لیے مفید ہیں۔زیتون کے تیل میں ایک مرکب پولی فینول بھی پایا جا تا ہے جو بعض تحقیقات کے مطابق ڈیمنشیا اور دیگر دماغی امراض کو روکتا ہے۔ماہرین کے مطابق 125درجے سینٹی گریڈ سے نیچے زیتون کا تیل پکانے سے اس کے اہم غذائی اجزاء ضائع نہیں ہوتے۔
تُرش پھل:کینو،نارنجی اور گریپ فروٹ میں فلیو نون نامی اجزاء پائے جاتے ہیں۔جو دماغ کی حفاظت کرتے ہیں ۔یہ کیمیکل دماغ کے اس حصے کو بہتر بناتے ہیں جو سوچنے اور یادداشت کا کام کرتے ہیں،اور اسی طرح ڈیمنشیا نامی مرض سے بھی بچا جا سکتا ہے۔اس کے علاوہ پھلوں میں اینٹی آکسیڈینٹس پائے جاتے ہیں جو دماغ کو تیز کرنے کے علاوہ کئی ذہنی امراض سے بھی محفوظ رکھتے ہیں۔
خشک میوے:خشک میوہ جات میں اومیگا تھری فیٹی ایسڈ،وٹامن ای اور مفید چکنائیاں ہوتی ہیں جو دماغ کی مجموعی صحت کے لیے بے حد فائدہ مند ہیں۔اگر روزانہ 30گرام خشک میوے کھائے جائیں تو اس کے زبردست اثرات سامنے آتے ہیں۔
مچھلی:مچھلیوں میں اومیگا تھری فیٹی ایسڈ، آیوڈین،وٹامن ڈی اور دیگر اہم اجزاء پائے جاتے ہیں۔اب یہ بھی ثابت ہو چکا ہے کہ مچھلی کھانے والے افراد کے دماغ بڑے ہوتے ہیں۔ ایک تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ مچھلی کھانے سے یادداشت پر مثبت اثرات پڑتے ہیں۔حاملہ خواتین مچھلی کھا کر کئی اہم فوائد حاصل کر سکتی ہیں جبکہ مچھلیوں میں سالمن مچھلی نہایت اہمیت رکھتی ہے۔
چاکلیٹ:دماغ کو تیز کرنے کے لیے چا کلیٹ نہایت اہم کردار ادا کرتی ہے۔کوکو چاکلیٹ کا بنیادی جزو ہے اور اس میں ذہن کے لیے مئوثر اجزاء پائے جاتے ہیں ، لیکن ماہرین کے مطا بق گہری رنگت کی کڑوی چاکلیٹ کھانا زیادہ فائدہ دیتا ہے۔ایک حالیہ مطالعے کے بعد معلوم ہوا کہ تیزی سے گرتی ہوئی دماغی صلاحیتوں کو روکنے کے لیے چاکلیٹ فوری مدد کرتی ہے۔ یہ سوچنے کی صلاحیتوں کو بڑھاتی ہے اور دماغ میں خون کا دورانیہ تیز کرتی ہے۔دوسری جانب یہ چاق و چوبند رکھتی ہے اور موڈ بھی بہتر بناتی ہے،لیکن تمام ماہرین کے مطابق چاکلیٹ سے فائدہ حاصل کرنے کے لیے گہرے رنگ کی یعنی ڈارک چاکلیٹ کا استعمال ہی کریں۔
بیریز:سٹرابیری،رسبیری،چیری،سرخ اور کالے انگور یادداشت اور نظر کو تیز کرتے ہیں۔بلیو بیری دماغ میں خون کا دورانیہ بڑھا کر یاداشت اور سمجھنے کی صلاحیت کو بہتر بناتی ہے،اور پڑھنے والے بچوں کیلئے دماغ پر بھی مثبت اثرات مرتب کر کے ان کی دماغی صلاحیتوں کو بڑھاتی ہے۔ ایک تحقیق کے مطابق بلیو بیری کا رس پینے کے بعد کا م کرنے والے بچوں کی دماغی کار کردگی 11 فیصد تک بہتر ہو گئی۔اس لیے ضروری ہے کہ کوئی دماغی کام کرنے سے تین،چار گھنٹے قبل سٹرابیریز، بیریز اور بلیو بیریز کھا لی جائیں۔