جگر کی بیماریوں کیلئے 8پھل
اسپیشل فیچر
جگر کی صحت کیلئے ان 8 پھلوں کو اپنی روزمرہ کی غذا میں شامل کریں، کیونکہ یہ پھل جگر سے نقصان دہ مواد کو خارج (ڈی ٹاکسی فائی) کرتے اور جگر کو کئی طرح کی بیماریوں سے محفوظ اور صاف کر سکتے ہیں۔ جگر، انسانی جسم کا ایک اہم عضو ہے۔ انسان کو مجموعی طور پر صحت مند رہنے کیلئے بہت ضروری ہے کہ جگر صحیح طور پر کام کرتا ہو۔ جگرمیٹا بولزم (metabolism) ، ڈی ٹاکسی فکیشن (Detoxification) اور غذائی ذخیرہ سمیت مختلف جسمانی افعال کیلئے ناگزیر ہے، چنانچہ تندرستی کو یقینی بنانے کیلئے جگر کی حفاظت ضروری ہے۔
پھلوں سے بھرپور غذا خاص طور پر بیر، انگور اور ترشاوا پھلوں جیسی غذا جگر کی صحت میں نمایاں کردار ادا کر سکتی ہے۔ اینٹی آکسیڈینٹس اور وٹامنز سے بھرپور یہ پھل جگر کی سوزش کو کم کرنے اور جگر کے مناسب افعال کو فروغ دینے میں مدد کرتے ہیں۔ جگر کی بیماریاں دنیا بھر میں صحت کا ایک بڑا مسئلہ ہیں۔ اگر پاکستان کی بات کی جائے تویہاں بھی جگر کے کئی عوارض، خاص طور پر جگر کا سکڑنا اور ہیپاٹائٹس بی اور سی عام ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق ہیپاٹائٹس سی کے لحاظ سے پاکستان دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے۔ اس صورتحال میں ماہرین غذائیت کی یہ تجویز حوصلہ افزا ہے کہ پھلوں سے بھرپور صحت مند غذا سے جگر کی بحالی میں مدد مل سکتی ہے۔ خاص طور پر فیٹی لیور کیلئے ان پھلوں کو اپنی غذا میں شامل کرنا جگر کی صحت کیلئے کافی فائدہ مند ہو گا۔جگر کی بیماریوں کیلئے یہ 8 پھل جادوئی اثر رکھتے ہیں۔
گریپ فروٹ
نیشنل لائبریری آف میڈیسن میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق گریپ فروٹ میں موجود اینٹی آکسیڈنٹ جگر کی سوزش کا مقابلہ کرنے اور جگر کو بیکٹیریا سے بچانے کی صلاحیت کیلئے تسلیم شدہ مرکبات ہیں۔ درحقیقت، گریپ فروٹ فیٹی لیور کی وجہ سے ہونے والے جگر کے نقصان کی بحالی میں بھی مدد کرتے ہیں۔
سیب
کہا جاتا تھا روزانہ ایک سیب آپ کو ڈاکٹر سے بچائے رکھے گا۔ اب یہ تحقیقات سے بھی ثابت ہو چکا ہے کہ سیب واقعی جگر کے مسائل کو دور رکھ سکتا ہے۔ سیب گھل جانے والے فائبر سے بھرپور ہوتے ہیں اور یہ جزو جگر کی چربی کو کم کرنے اور detoxification کے عمل کو آسان بنانے میں مدد کیلئے جانا جاتا ہے۔ سیب ہاضمے اور مجموعی جسمانی بہتری کیلئے بھی آزمودہ ہے۔
ایوکاڈو
ایوکاڈو میں صحت مند چربی وافر مقدار میں موجود ہوتی ہے۔ یہ چربی ڈھال کے طور پر کام کرتی ہے جو جگر کو ممکنہ نقصان سے بچاتی ہے۔ اپنی غذا میں ایوکاڈو شامل کرنا دل کی صحت کیلئے بھی بہت اچھا ہوسکتا ہے اور آسٹیوپو روسس (ہڈیوں کی کمزوری) کو بھی روک سکتا ہے۔
بیریز
سٹرابیری، رسبری، اور بلیک بیری اینٹی آکسیڈنٹس سے بھری ہوئی ہیں، جو جگر کی صحت کیلئے بے حد اہم جزو ہے۔ اس لیے یہ مانا جاتا ہے کہ بیریز کا باقاعدگی سے استعمال آکسیڈیٹیو تناؤ کو کم کرتے ہوئے بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کو برقرار رکھنے میں بھی مدد کر سکتا ہے۔
پپیتا
پپیتا وٹامنز اور انزائمز سے بھرپور، دل، ہاضمے اور مدافعتی نظام کیلئے اچھا ہے۔ ہاضمے میں مدد کرنے سے پپیتا جگر پر کام کے بوجھ کو بھی کم کرتا ہے جس سے یہ جگر کو زیادہ موثر طریقے سے کام کرنے کے قابل بناتا ہے۔یہ پھل، جو کہ ہمارے ملک میں باآسانی دستیاب ہے، بہت سے طریقوں سے استعمال کیا جا سکتا ہے، جیسے سلاد اور اسموتھیز میں بھی۔
بلوبیریز
بلوبیری، صحت کے فوائد سے بھرپور، اینٹی آکسیڈنٹس کا پاور ہاؤس ہیں۔یہ اینٹی آکسیڈنٹس جگر میں سوزش اور آکسیڈیٹیو تناؤ کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ دراصل، پب میڈ سینٹرل میں شائع ہونے والی 2019ء کی ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ بلوبیری جگر کے کم فائبروسس اور جگر کے وزن میں اضافے کی کم شرح سے منسلک ہیں۔ ان عوامل کو کم کرکے، بلوبیری جگر کی مجموعی فلاح و بہبود میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
کیوی
غذائی اجزاء سے بھرپور کیوی نہ صرف مدافعتی نظام کو فروغ دیتا ہے بلکہ جگر کی مجموعی صحت کو بھی سپورٹ کرتا ہے۔ وٹامنز اور معدنیات کا اس کا انوکھا امتزاج اسے جگر سے آگاہ غذا میں ایک قیمتی اضافہ بناتا ہے۔ اس میں طاقتور اینٹی آکسیڈنٹس بھی ہوتے ہیں جو فیٹی جگر کی بیماریوں کو مؤثر طریقے سے روکتے ہیں۔
ترشاوا پھل
ترشاوا پھل، جیسا کہ کنو، لیموں، مسمی وغیرہ وٹامن سی کی قوی خوراک اور اچھی قوت مدافعت فراہم کرتے ہیں۔ یہ ضروری غذائی اجزاء آپ کے جگر کی حفاظت کرتے ہیں اور ڈی ٹاکسی فکیشن کے عمل میں مدد کرتے ہیں۔ اپنی غذا میں ترشاوا پھلوں کو شامل کرنا جگر کی صحت کیلئے بے حد فائدہ مند ہے۔ ان پھلوں کے ساتھ، اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ اپنے جگر کی حفاظت کیلئے متوازن غذا اور صحت مند طرز زندگی پر عمل پیرا ہوں۔