وہ اشیاء جنہیں مستقل ساتھ رکھنے سے گریز کریں
بہت سی چیزیں ہم اپنے ساتھ رکھنا ضروری سمجھتے ہیں جو ہر وقت ہمارے پرس یا جیب میں رہتی ہیں۔ کچھ چیزیں ایسی ہوتی ہیں جن کے بارے میں ہمارا یہ خیال ہوتا ہے کہ ہمیں وہ لازمی اپنے ساتھ رکھنی چاہئیں۔ حقیقت یہ ہے کہ ان چیزوں کو اپنے ساتھ رکھنا اکثر خطرناک بھی ثابت ہوتا ہے۔ اس لیے ان چیزوں کو اپنے ساتھ رکھنے سے گریز کریں۔ وہ چیزیں کونسی ہیں، آئیے ان کے بارے میں بتاتے ہیں۔
پاس ورڈ
اگر آپ کو پاس ورڈ یاد کرنے میں مشکل ہوتی ہے تو یقیناً آپ انہیں لکھ کر اپنے پاس رکھتے ہوں گے۔ کچھ لوگوں کو لگتا ہے کہ ان کے پاس ورڈز اس لیے ان کے بیگ میں محفوظ ہوتے ہیں کیونکہ وہ اپنا بیگ ہر وقت اپنے ساتھ رکھتے ہیں لیکن حقیقت تو یہ ہے کہ آپ اپنا بیگ یا پرس بہت آسانی سے کھو سکتے ہیں۔ اس لیے گزارش ہے کہ کوشش تو یہ کیجیے کہ اپنے پاس ورڈز یاد رکھیں،اگر ایسا نہیں کرسکتے توسمارٹ فون ایپس اس حوالے سے آپ کی بہت مدد کرسکتی ہیں۔
ڈیبٹ کارڈ
کریڈٹ کارڈ کی طرح سکیورٹی نہ ہونے کی صورت میں ڈیبٹ کارڈ کے ذریعے آپ کو چیزیں خریدتے وقت بہت دھیان رکھنا پڑتا ہے۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ ڈیبٹ کارڈ کے ذریعے آپ اپنے خود کے پیسے خرچ کرتے ہیں اور اگر ڈیبٹ کارڈ چوری ہوجائے تو آپ کا فوری طور پر نقصان ہو سکتا ہے ۔ کارڈ کی گمشدگی کی صورت میں فوری طور پر ادارے کو مطلع کرکے نقصان سے بچا جا سکتا ہے۔
لیپ ٹاپ
لیپ ٹاپ شاید آپ کے بیگ میں سب سے زیادہ وزنی شے ہوتی ہے۔ ماہرین کے مطابق لیپ ٹاپ کا وزن آپ کے کندھے میں تکلیف کا سبب بنتا ہے۔ صرف یہی نہیں بلکہ گردن، ریڑھ کی ہڈی اور کاندھے پر چوٹ بھی آسکتی ہے۔ اگر آپ کو اپنا لیپ ٹاپ کہیں لے جانا ہے تو کوشش کیجیے کہ ایسا بیگ استعمال کریں جس کا وزن بیگ خود اٹھاسکے اور آپ کو اسے صرف چلانا ہو۔
بغیر لاک موبائل فون
بہت سے لوگ اپنے موبائل کو ایک سادہ سا فون سمجھتے ہیں، وہ یہ نہیں سوچتے کہ یہ ایک موبائل کمپیوٹر ہے جو صرف کال کرنے یا موصول کرنے کیلئے نہیں رہا۔ اپنے فون کو بغیر لاک کیے رکھنے کا مطلب یہ ہے کہ آپ دوسروں کو اس بات کی اجازت دے رہے ہیں کہ وہ آپ کے فون میں موجود معلومات اور ڈیٹا بآسانی چرا لیں۔ خصوصاً آج کے دور میں موبائل کے اندر اہل خانہ کی ایسی تصاویر بھی ہوتی ہیں جو کسی کے ہاتھ لگنا خطرے سے خالی نہیں ہوتا۔ ان تصاویر کو فوٹو شاپ میں ایڈٹ کرکے بلیک میلنگ اور غلط مقاصد کیلئے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اس لیے کوشش کیجیے کہ موبائل میں پیچیدہ پاس ورڈ لگائیں۔
چیک بک
یہ اہم چیز ہے کیونکہ اگر چیک بک کے ذریعے کوئی آپ کو دھوکا دے تو پیسے کی واپسی کا امکان بہت معدوم ہوجاتا ہے، لیکن اگر آپ کے فراہم کردہ ثبوتوں کی روشنی میں یہ ممکن ہو بھی جائے، تب بھی پیسوں کی واپسی میں ایک ماہ تو لگ ہی جاتا ہے۔ اس لیے کوشش کیجیے کہ چیک بک اپنے ساتھ ہرگز نہ رکھیں۔ یا تو کسی اور تاریخ پر لوگوں کو پیسے دینے کی عادت ڈالیں یا پھر ضرورت کے تحت بس ایک یا دو چیک اپنی جیب میں رکھیں تاکہ نقصان کے امکان کم سے کم رہیں۔
شناختی کارڈ
شناختی کارڈ درحقیقت انسان کیلئے بنیادی ضرورت ہے اور اگر یہ کھوجائے تو آپ کی زندگی کے بہت سارے کام رک جاتے ہیں۔ نہ آپ بینک کا کوئی کام کرسکتے ہیں، نہ سڑک پر گھوم پھرسکتے ہیں کیونکہ کبھی بھی کوئی پولیس والا آپ سے شناختی کارڈ کا تقاضا کرسکتا ہے، لہٰذا ان مشکلات سے بچنے کیلئے کوشش کریں کہ اصل شناختی کارڈ گھر پر ہی رکھیں۔ اگر بہت ضرورت ہے تو فوٹو کاپی ساتھ رکھیں۔
پاسپورٹ
بیرون ملک سفر کرنے کیلئے پاسپورٹ کا کردار بنیادی ہوتا ہے۔ اس کی اہمیت جتنی زیادہ ہے، اس کا حصول اتنا ہی مشکل ہے اور خرچہ الگ۔ اس لیے ان تمام تر مشکلات سے بچنے کیلئے ضروری ہے کہ پاسپورٹ گھر پر ہی رکھا جائے اور یہ صرف اْسی صورت باہر لے جایا جائے جب اس کے بغیر کام کا انجام پانا ممکن نہ ہو۔