امریکہ :مہاجروں کی سرزمین
'' کہیں کی اینٹ کہیں کا روڑا بھان متی نے کنبہ جوڑا‘‘
امریکہ دراصل مہاجروں کی سرزمین ہے۔ ایسے ملک کے متعلق عام فہم الفاظ میں اگر یہ کہا جائے کہ '' کہیں کی اینٹ کہیں کا روڑا بھان متی نے کنبہ جوڑا‘‘ تو بے جا نہ ہوگا۔ امریکہ کے اصل مکین اس وقت آٹے میں نمک کے برابر ہیں۔ باقی سارے لوگ کوئی کہیں سے آیا تو کوئی کہیں سے۔ گوروں نے تین چار صدی قبل اپنی سہولت اور خدمت کیلئے افریقہ کے کالے لوگوں کو یہاں بسایا۔ اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ آج وہی کالے انہی کے حاکم بنے بیٹھے ہیں۔ ان میں سابق صدر بارک اوباما، سابق وزرائے خارجہ بیڈن پاول اور کونڈالیزا رائیس نمایاں شخصیات میں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ راقم نے دیکھا کہ امریکہ کے بڑے بڑے شہروں میں کئی اہم عہدوں پر کالے براجمان ہیں۔ پولیس چیف، شہروں کے میئر، عالمی شہرت کی حامل یونیورسٹیوں کے سربراہ اور کئی محکموں میں کالے بلاتفریق اپنا اپنا رول ادا کر رہے ہیں، گو یہ مقام انہیں بے شمار قربانیوں کے بعد حاصل ہوا۔
کالوں(سیاہ فام) کو یہ شہری آزادی اور عزت دلوانے کی خاطر امریکہ کے نامور صدور کو بھی جان سے ہاتھ دھونے پڑے۔ لیکن آج کل امریکہ میں تعصب کے بادل چھٹ چکے ہیں۔ امریکہ اور اہل امریکہ نے خندہ پیشانی سے باہر سے آئے ہوئے لوگوں کو خوش آمدید کہا ہے۔ یقیناً یہ فراخ دلی کا ثبوت ہے۔ باہر کی دنیا سے آئے ہوئے ایسے ایسے دانشور اور انٹلیکچوئل اکٹھے ہو گئے ہیں کہ آج انہوں نے ساری دنیا کو آگے لگا لیا ہے۔ حکومت نے تھنک ٹینکوں کا ایک بریگیڈ تشکیل دے دیا ہے جس کے نتیجہ میں امریکہ نے ساری دنیا کو ایک شہر کی حیثیت دے کر خود کو کوتوال شہر بنا لیا ہے۔ یہ امریکہ کی خوش قسمتی ہے کہ شمال اور جنوب میں صرف دو معصوم سے ممالک کی اسے قربت حاصل ہے۔
امریکہ بذات خود اتنا بڑا ملک ہے کہ اس کی 50 ریاستوں میں سے کئی ریاستیں دنیا کے کئی ممالک سے بھی بڑی ہیں۔ قدرت نے دو بڑے سمندروں کے ہزار ہا میل لمبے کنارے دیئے ہیں۔ امریکہ میں ہر طرح کا موسم موجود ہے۔ اتنی نسلوں اور قسموں کے لوگ وہاں آباد ہیں جس کی نظیر دنیا کے کسی اور ملک میں ملنی مشکل ہے۔ گویا امریکہ ایک طرح سے چوں چوں کا مربہ ہے۔
دنیا کی ہر زبان کے لوگ امریکہ میں موجود ہیں۔ دنیا کی ہر زبان کا اخبار امریکہ سے شائع ہو رہا ہے۔ اور پھر جمہوریت کی ایسی مثالیں موجود ہیں کہ عالمی سطح پر کشتی لڑنے والا پہلوان بھی اپنی ریاست کا گورنر منتخب ہو جاتا ہے۔ کبھی وقت تھا کہ برطانیہ کی نو آبادیات میں سورج غروب نہیں ہوتا تھا، اب یہ اعزاز امریکہ کو حاصل ہے۔ آج امریکہ کا دائرہ اختیار آٹھ ٹائم زونوں پر محیط ہے۔ اس ملک کی وسعت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے جیسے ہمارے ملک کی سرحدوں سے شروع ہو کر فلپائن تک ایک ہی ملک ہو۔
اگر آپ سابقہ سوویت یونین کی کسی ریاست یا کسی عرب ملک میں چلے جائیں تو ہر وقت آپ کو اپنی شناخت کیلئے پاسپورٹ رکھنا لازمی ہوتا ہے۔ اس کے برعکس امریکہ میں اگر آپ ایک دفعہ داخل ہو گئے تو آپ اپنا پاسپورٹ اپنے اٹیچی میں سنبھال کر رکھ لیں، کہیں کوئی پوچھے گا بھی نہیں۔ یہاں تک کہ ایئرپورٹ سے اپنے ملک واپس جا رہے ہوں آپ سے پاسپورٹ طلب نہیں کیا جائے گا۔
خیر یہ تو امریکہ کا ایک رخ ہے، امریکہ میں ایسے ایسے جرائم جنم لیتے ہیں جن کی مثال دنیا میں ملنی مشکل ہے۔ پولیس والوں کو مجرموں کے ہاتھوں پٹتے دیکھا ہے۔ پولیس سے اسلحہ چھین کر پولیس پر ہی استعمال ہونے کے واقعات بھی رونما ہوئے ہیں۔ سوفٹ چوڑی سڑک کے ایک طرف سے سرنگ کھود کر بنکوں کی تجوریاں خالی کرنے کے واقعات بھی امریکہ میں ہی ہوتے ہیں۔ یہاں تک کہ چھ سالہ بچے کو باپ کی کار کی چابیاں Ignitionمیں ڈال کر کار کو شہر کی سڑکوں پر گھماتے ہوئے دیکھا گیا۔ اور تو اور ایک 13سالہ بچے نے ایئرپورٹ سے سیسنا طیارہ نہ صرف اڑایا بلکہ بحفاظت قریبی شہر کے ایئرپورٹ پر اتار بھی لیا۔ خیر جتنا بڑا ملک اتنی بڑی باتیں۔
مذہب کی اتنی آزادی ہے کہ کئی چرچوں کے ماتھے پر برائے فروخت کے بورڈ آویزاں ہیں۔ بلکہ کئی چرچ تو مساجد میں تبدیل ہو چکے ہیں۔ کہیں مذہبی تعصب نظر نہیں آتا، ہاں کہیں ایک آدھ مثال ہے تو وہ کسی کا ذاتی جنون ہو سکتا ہے۔
امریکہ میں ایسی ایسی قدرتی آفات آتی ہیں کہ عقل حیران رہ جاتی ہے۔ اگر کہیں آگ بھڑک اٹھتی ہے تو کیلیفورنیا کے وسیع جنگل میل ہا میل تک شعلوں کی لپیٹ میں آ جاتے ہیں۔ سمندری طوفان آتا ہے تو پورے کے پورے مکانات سڑکوں پر دھرے نظر آتے ہیں۔ اگر بجلی چلی جائے تو پورے امریکہ کا 1/4(ایک چوتھائی) تاریکی میں ڈوب جاتا ہے اور اٹھارہ اٹھارہ گھنٹے کسی کو پتہ بھی نہیں چلتا کہ یہ ہمارے ساتھ ہوا کیسے؟ مگر پھر بھی امریکہ کی صحت پر کوئی اثر پڑتا ہے نہ اس کی تھانیداری پر۔ امریکہ ہر طور اپنا جھنڈا بلند کئے ہوئے ہے۔