نمل جھیل پہاڑوں کے درمیان خوبصورت تفریحی مقام
نمل ڈیم کے ساتھ وادیٔ نمل کے ایک کونے میں واقع نمل جھیل میانوالی، خوشاب، تلہ گنگ، چکوال اور دیگر ملحقہ شہروں کیلئے تفریح گاہ ہے۔ پہاڑیوں کے دامن میں واقع یہ جھیل 1913ء میں بنائی گئی تھی۔ میانوالی سے تقریباً 32 کلومیٹر کی مسافت پر واقع یہ جھیل ساڑھے پانچ مربع کلومیٹر کے لگ بھگ رقبے پر مشتمل ہے۔ اس کے مغرب اور جنوب میں پہاڑ ہیں جبکہ شمال اور مشرق میں زرعی علاقہ ہے۔ پہاڑوں سے چشموں اور برساتی نالوں کا پانی اس جھیل میں آتا ہے۔ جھیل زرعی اراضی کو سیراب کرنے کا بھی باعث ہے۔ یہاں کی زمین بے حد زرخیز اور سر سبز تھی۔ لوگ یہاں پر کاشتکاری کیا کرتے تھے۔ اس وقت اس علاقہ میں کنوؤں کی تعداد لگ بھگ سو کے قریب تھی۔ یہ علاقہ جو وادی نمل کے نام سے جانا جاتا ہے کئی صدیوں سے آباد چلا آرہا ہے۔ اس حقیقت کا پتہ جھیل کے کنارے واقع قدیم قبرستان سے بھی ملتا ہے۔
اس سلسلے میں ایک دلچسپ روایت بھی مشہور ہے فرنگی عہد سے قبل جب پنجاب پر سکھوں کی حکومت تھی اس علاقے کا فرمانروا راجہ سر کپ ہوا کرتا تھا جو اپنے وقت کا عیاش اور سخت گیر حاکم تھا، کہا جاتا ہے کہ ان پہاڑیوں پر اس نے اپنی ایک محل نما حویلی بنا رکھی تھی جس میں وہ جوا کھیلا کرتا تھا۔ اس کی یہ شرط تھی کہ جو کوئی اسے شکست دے گا وہ اسے اس علاقے کا حکمران بنا دے گا لیکن جو اس سے بازی ہار جائے گا اس کا سر قلم کر دیا جائے گا۔چنانچہ اس نے اس دوران سینکڑوں لوگوں کے سر قلم کیے بالآخر سیالکوٹ کے راجہ نے یہ معرکہ سر کر لیا۔ اس نے راجہ سر کپ کو ہرا کر بازی جیت لی اور اس کے نتیجے میں راجہ سر کپ نے اپنی اکلوتی بیٹی کی شادی اس سے کر دی اور یوں وہ اس تمام علاقے کا مالک و خودمختار ٹھہرا۔
نمل جھیل 1200 ایکڑ پر مشتمل وسیع رقبے پر پھیلی ہوئی ہے اس کی گہرائی تقریباً 20بیس فٹ ہے پہاڑوں سے آبی چشموں اور برساتی نالہ کے ذریعے آنے والا پانی جب یہاں پہنچتا ہے تو نمل کے کشادہ بازو اسے اپنے دامن میں سمیٹ لیتے ہیں جھیل کا یہ پانی میانوالی شہر اور اس سے ملحقہ دیہات کو سیراب کرتا ہے اس مقصد کیلئے پہاڑوں کے درمیان ایک چھوٹا سا ڈیم تعمیر کیا گیا ہے جب جھیل کا پانی ڈیم کے آہنی درازوں میں سے ہوتا ہوا دوسری طرف نالے میں آبشار کی صورت میں گرتا ہے تو اس سے خوفناک آواز پیدا ہوتی ہے۔ کنارے پر اللہ کے ایک برگزیدہ بندے حضرت حافظ جی کا مزار ہے۔6اور7شعبان کو حافظ جی کا عرس ہوتا ہے۔ سالانہ عرس کے علاوہ ماہ محرم کی ساتویں اور آٹھویں تاریخوں کو بھی دور دراز سے لوگ جوق در جوق یہاں آتے ہیں اور اس مزار پر حاضری دیتے ہیں۔ اس موقع پر یہاں میلے کا سا سماں ہوتا ہے۔ عقیدت مندوں کی غیر معمولی تعداد کے پیش نظر یہاں پر عارضی دکانیں بن جاتی ہیں۔ مزار سے ملحقہ ایک مسجد بھی ہے جس میں آج بھی قال اللہ اور قال الرسول کی صدائے دلنشین سنائی دیتی ہے۔ 1984ء سے مزار کا انتظام محکمہ اوقاف نے سنبھال رکھا ہے۔مزار حافظ کے قریب ایک ریسٹ ہاؤس بھی بنایا گیا ہے جو دو کمروں لان اور خوبصورت صحن پر مشتمل ہے یہاں سے جھیل کا منظر آنکھوں کو بھلا لگتا ہے۔
مزار کی جانب آبادی خانقاہ حافظ جی کے نام سے موسوم ہے جبکہ دوسری طرف کی آبادی نمل گاؤں کے نام سے موسوم ہے۔ یہ لوگ کشتیوں کے ذریعے اس جھیل کو عبور کرتے ہیں۔ کشتیوں کے علاوہ ان لوگوں کیلئے کوئی ذریعہ آمدروفت نہیں ہے۔
نمل جھیل میں ایک فش فارم بھی بنایا گیا ہے جس کا باقاعدہ ٹھیکہ دیا جاتا ہے اس کا انتظام ضلع کونسل میانوالی کے سپرد ہے۔ یہاں مچھلیوں کا قابل ذکر ذخیرہ موجود ہے لوگ یہاں پر مچھلیاں پکڑتے ہیں۔
مچھلی کے علاوہ جھیل میں مرغابیوں کا شکار بھی ہوتا ہے سابق صدر فلیڈ مارشل محمد ایوب خان مرحوم، سابق گورنر مغربی پاکستان نواب امیر محمد خان مرحوم اور دیگر اعلیٰ شخصیات یہاں شکار کرنے اور تفریح کی غرض سے آتی رہی ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ میانوالی، خوشاب، تلہ کنگ، چکوال اور دیگر ملحقہ شہروں کیلئے یہ جھیل ایک خوبصورت او ر بے مثال تفریحی مقام کا درجہ رکھتی ہے،لوگ اہل خانہ کے ساتھ پکنک منانے اور ان قدرتی اور حسین مناظر سے لطف اندوز ہونے کیلئے یہاں کھچے چلے آتے ہیں۔ متذکرہ بارانی علاقوں، خشک اور بے مزہ ماحول میں رہنے والوں کیلئے نمل جھیل سے بہتر کوئی تفریحی مقام نہیں ہے۔جھیل کے انتظام سے متعلقہ محکمہ کے ارباب اسے مزید خوبصورت حسین او ر دلکش بنانے کیلئے خصوصی توجہ دیں، تاکہ یہاں آنے والوں کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے اور وہ بھر پور طریقے سے ان مناظر سے لطف اندوز ہوں۔