آج کا دن
ڈارون کی کتاب کی اشاعت
24 نومبر 1859ء کو مشہور برطانوی سائنس دان اور حیاتیات دان چارلس ڈارونکی کتاب ''On The Origin Of species‘‘ شائع ہوئی۔ یہ وہ کتاب تھی جس میں ڈارون کا سائنسی دنیا اور مذہبی اداروں کے مابین سخت گیر بحث کا باعث بننے والے شاہکار ''ارتقاء کا نظریہ‘‘ پہلی بار تفصیل کے ساتھ پیش کیا گیا۔ یہ نظریہ اس بات کو سمجھنے کیلئے پیش کیا گیا تھا کہ زمین پر موجود مختلف جاندار کس طرح وقت کے ساتھ تبدیل ہوتے ہیں۔
چیکوسلواکیہ میں ویلوٹ انقلاب
1989ء میں آج کے روز چیکوسلواکیہ میں ویلوٹ انقلاب آیا۔ کمیونسٹ حکومت کے خاتمے اور جمہوری تبدیلی کے حوالے سے یہ ایک اہم دن تھا۔ ''ویلوٹ انقلاب‘‘ چیکوسلوواکیہ میں ہونے والی ایک پرامن سیاسی تبدیلی تھی، جس کے نتیجے میں کمیونسٹ حکومت کا خاتمہ ہوا اور جمہوری حکومت قائم ہوئی۔ اس انقلاب کو ''ویلوٹ‘‘ اس لئے کہا جاتا ہے کہ یہ عمل تقریباً مکمل طور پر غیر متشدد اور پرامن طریقے سے انجام پایا۔
ترکی نے روس کا جنگی طیارہ مار گرایا
24 نومبر 2015ء کو ترکی کی جانب سے روسی جنگی طیارہ گرانے کا واقعہ پیش آیا۔ جس نے ترکی اور روس کے تعلقات کو ایک بڑے بحران سے دوچار کر دیا۔ یہ واقعہ شام کی سرحد کے قریب اس وقت پیش آیا جب روسی طیارہ شام میں باغیوں کے خلاف فضائی کارروائی کر رہا تھا۔ اس واقعہ کے بعد روس اور ترکی کے درمیان تجارتی تعلقات متاثر ہوئے۔ جون 2016ء میں ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے معذرت کا خط لکھا، جس کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری آئی۔
ہائی جیکر روپوش
ڈی بی کوپر نامی ہائی جیکر 24 نومبر 1971ء کو امریکہ میں ایک طیارہ اغواکرنے کے بعد اپنے مطالبات پورے ہونے کے بعدپراسرار طور پر غائب ہو گیا تھا۔ طیارہ جب واشنگٹن ریاست کے جنگلات کے اوپر سے گزر رہا تھا، ڈی بی کوپر نے طیارے کے پچھلے حصے سے پیراشوٹ کے ساتھ چھلانگ لگا دی۔ اس کے بعد وہ کبھی دوبارہ نہیں دیکھا گیا۔یہ واقعہ آج تک دنیا کے سب سے مشہور اور حل نہ ہونے والے مجرمانہ معمہ جات میں سے ایک ہے۔