آج کا دن
مشن انسائٹ
26 نومبر 2018 ء کو ''مشن انسائٹ‘‘ نامی روبوٹ نے مریخ کی سطح پر لینڈ کیا۔ اس روبوٹ کو مریخ کے گہرے اندرونی حصے کا معائنہ کرنے کیلئے تیار کیا گیا تھا۔ یہ روبوٹ لاک ہیڈ مارٹن سپیس سسٹم کی جانب سے تیار کیا گیا تھا لیکن اس کا نظام ناسا کی جیٹ پروپلشن لیبارٹری کے حوالے کیا گیا تھا۔ مشن کا آغاز 5مئی 2018ء کو ہوا تھا جبکہ 26 نومبر 2018ء کو اس نے کامیابی کے ساتھ مریخ کی سطح پر لینڈنگ کی۔
''سٹالن گراڈ جنگ‘‘
26 نومبر 1942ء کو سٹالن گراڈ میں جرمن فوج کے خلاف کئی روزہ دفاعی جنگ کے بعد روسی فوج نے جوابی حملوں کا آغاز کیا۔ دوسری جنگ عظیم میں ''سٹالن گراڈ جنگ‘‘ کو بڑی اہمیت حاصل ہے جس میں روسیوں نے بے پناہ جانی قربانیاں دے کر نازی ازم کو شکست سے دوچار کیا۔اس لڑائی میں لاکھوں افراد مارے گئے تھے۔ یہ لڑائی 23اگست1942ء کو شروع اور 2فروری 1943ء کو ختم ہوئی۔ حقیقت یہ ہے کہ سٹالن گراڈ کی لڑائی میں روس نے جو کردار ادا کیا وہ کبھی بھلایا نہیں جا سکتا۔
روڑو: سکول میں قتل عام
26نومبر2004ء کو چین کے روڑو شہر میں واقع سکول میں ایک شخص نے سکول کے بچوں پر حملہ کر دیا۔ ژان ژان منگ سکول ہوسٹلز کے ایک بلاک میں داخل ہوا اور وہاں اس نے چھری سے وار کرتے ہوئے 12لڑکوں کو شدید زخمی کر دیا۔ زخمی ہونے والوں میں سے 9 لڑکے بعدازاں ہلاک ہو گئے۔ حملے کے بعد فرار ہو جانے والے ملزم کو وقت گرفتار کیا گیا جب وہ خودکشی کرنے والا تھا۔ اسے18جنوری2005ء کو پھانسی دے دی گئی۔
برنکز میٹ ڈکیتی
26 نومبر 1983ء کو ہیتھرو انٹرنیشنل ٹریڈنگ اسٹیٹ لندن میں ڈکیتی ہوئی جسے برنکزمیٹ ڈکیتی کہا جاتا ہے۔ اس واردات میں ملزم 26ملین یوروز کے زیورات لے گئے جو موجودہ دور میں تقریباً 93ملین یوروز کے مساوی ہیں۔ یہ کمپنی ڈکیتی کے اگلے ہی سال بند ہو گئی۔ انشورنس کمپنی نے نقصان کی ادائیگیاں کیں لیکن ڈکیتی شدہ سونے کا زیادہ حصہ کبھی بازیاب نہیں کیا جا سکا۔
پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن حادثہ
پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کی پرواز 740 جو عازمین حج کو لے کر کراچی آ رہی تھی 26 نومبر 1979ء کو جدہ ائیر پورٹ سے اڑان بھرنے کے فوراً بعد گر کر تباہ ہو گئی۔ جہاز میںسوار تمام 156 افراد ہلاک ہو گئے۔ تحقیقات میں حادثے کی وجہ کیبن میں لگے والی آگ کو قرار دیا گیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ پرواز کے فوراً بعد جہاز کے کیبن میں آگ لگ گئی تھی،جس کی وجہ معلوم نہ ہو سکی ۔