’’ریڈ مونسٹر‘‘ : نئی کہکشائوں کی دریافت
یہ تینوں کہکشائیں کائنات کے ابتدائی دور کو تشکیل دینے والے حالات بارے نئی بصیرت فراہم کریں گے
یہ کہکشائیں 12.8 ارب سال سے زیادہ پرانی ہیں اور زمینی سورج سے 100 ارب گنا زیادہ حجم رکھتی ہیں
اندھیری راتوں میں آپ نے آسمان پر چمکتے ہوئے ستاروں کا مشاہدہ تو کیا ہو گا۔ کچھ بہت روشن ہوتے ہیں، کچھ مدھم اور کچھ کسی کسی وقت ٹمٹا کر نظروں سے اوجھل ہو جاتے ہیں۔ اخترشماری کرنا شاعروں کا ہی نہیں بلکہ فلکیات کے ماہرین کا بھی محبوب مشغلہ ہے۔ آسمان پر کتنے ستارے ہیں؟ اربوں یا کھربوں؟ کوئی بھی نہیں جانتا۔ اس سوال کا جواب شاید کسی کے پاس بھی نہیں ہے۔
جیسے جیسے سائنس ترقی کر رہی ہے، جیسے جیسے خلا میں دیکھنے والی دوربینوں کی طاقت میں اضافہ ہو رہا ہے، نئے نئے ستارے نظروں میں آ رہے ہیں۔ آسمان کی وسعت اور گہرائی کا تو خیر ذکر ہی کیا، سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ صرف ہماری کہکشاں میں اتنے ستارے ہیں کہ ہماری گنتی ختم ہو جاتی ہے، لیکن وہ ختم نہیں ہوتے۔ کائنات میں اس جیسی بلکہ اس سے کہیں بڑی ان گنت کہکشائیں ہیں۔
حال ہی میں سائنسدانوں نے ''ریڈ مونسٹر‘‘ نامی کہکشائیں دریافت کی ہیں جو تقریباً ملکی وے جتنی بڑی ہیں ۔
سائنسدانوں کے ایک گروپ نے تین کہکشاؤں کو دریافت کیا ہے جنہیں ''ریڈ مونسٹر‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔ یہ کہکشائیں اپنے ستارے بنانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ ان کہکشاؤں کو ''ریڈ مونسٹر‘‘ کا نام ان کی آگ کے شعلے جیسی سرخ شکل کی وجہ سے دیا گیاہے، جو ان میں موجود دھول کی بے پناہ مقدار کا نتیجہ ہے۔یہ کہکشائیں 12.8 ارب سال سے زیادہ پرانی ہیں اور زمین کے سورج سے 100 ارب گنا زیادہ حجم رکھتی ہیں۔
ماہرین ِ فلکیات نے ناسا کی ''جیمز ویب سپیس ٹیلی سکوپ‘‘ کی مدد سے ان کہکشاؤں کا مشاہدہ کیا۔ وہ ان کہکشائوںکے حجم کو دیکھ کر حیران رہ گئے جو تقریباً ملکی وے کے برابر ہیں۔
کہکشاؤں کی ستارے بنانے کی صلاحیت نے سائنسدانوں کو زیادہ حیران کیا جو دیگر کہکشائوں سے زیادہ تیز ہے اور تقریباً 80 فیصد گیس کو ستاروں میں تبدیل کرتی ہیں اور کائناتی تاریخ میں اوسط کہکشاؤں سے کہیں زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتی ہیں۔
کہکشاؤں کی ترقی میں کئی عوامل گیس کو ستاروں میں تبدیل کرنے کی رفتار کو محدود کر دیتے ہیں، لیکن '' ریڈ مونسٹرز‘‘ ان رکاوٹوں کو حیرت انگیز طور پر عبور کرتی نظر آتی ہیں۔ یونیورسٹی آف باتھ کے پروفیسر اور شائع شدہ تحقیق کے شریک مصنف اسٹین وائیٹس نے اپنے ایک انٹرویو میں بتایا کہ یہ دریافت جیمز ویب اسپیس ٹیلی سکوپ کے فریسکو ''FRESCO‘‘ سروے پروگرام کے تحت سامنے آئی، جو مشاہدات کے لیے دوربین کے منفرد آلات کا استعمال کرتا ہے۔
محققین نے ان کہکشاؤں کو دریافت کرنے کیلئے دوربین کے ساتھ انفراریڈ کیمرے کا استعمال کیا۔ انہوں نے ''ریڈ مونسٹرز‘‘ کے فاصلے اور خصوصیات کو ان کے روشنی کے طولِ موج کے ذریعے مطالعہ کیا۔ دوربین سے اِن کہکشاؤں کے اُن حصوں کا مشاہدہ بھی با آسانی ہوا جو دھول سے چھپے ہوئے تھے۔
''ریڈ مونسٹر‘‘ کہکشائیں تقریباً ملکی وے جتنی بڑی ہیں اور ستارے بنانے کی رفتار ان کہکشاؤں سے کہیں زیادہ ہے جو اب تک دریافت کی جا چکی ہیں۔
ان کہکشاؤں کی غیر معمولی خصوصیات کے باوجود یہ دریافت کائنات کے قبول شدہ ماڈل کو چیلنج نہیں کرتی، لیکن موجودہ کہکشاں نظریات پر سوالات ضرور اٹھاتی ہے۔
تحقیق کے مرکزی مصنف اور یونیورسٹی آف جنیوا کے پوسٹ ڈاکٹریٹ محقق ڈاکٹر منگیوان ژاؤ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ یہ نتائج ظاہر کرتے ہیں کہ ابتدائی کائنات میں کہکشائیں غیر متوقع طور پر مؤثر طریقے سے ستارے بنا سکتی تھیں۔ جیسے جیسے ہم ان کہکشاؤں کا مزید گہرائی سے مطالعہ کریں گے، یہ کائنات کے ابتدائی دور کو تشکیل دینے والے حالات کے بارے میں نئی بصیرت فراہم کریں گی۔