آج کا دن
مغلیہ سلطنت کاخاتمہ
4 دسمبر 1858ء کو انگریزوں نے ہندوستان کے آخری مغل تاجدار بہادر شاہ ظفر کو تخت سے معزول کرتے ہوئے برما جلا وطن کر دیا۔ اس طرح سے سر زمین ہند سے مغلیہ سلطنت ختم ہوئی۔مغلیہ سلطنت کی بنیاد ظہیر الدین بابر نے 1526ء میں پہلی جنگ پانی پت میں دہلی سلطنت کے آخری سلطان ابراہیم لودھی کو شکست دے کر رکھی تھی۔ مغلیہ سلطنت اپنے عروج میں تقریباً پورے برصغیر پر حکومت کرتی تھی، یعنی موجودہ دور کے افغانستان، پاکستان، بھارت، اور بنگلہ دیش کے ممالک پر مشتمل خطے پر ان کا دور دورہ تھا۔
تھامس آتشزدگی
تھامس آتشزدگی جنگل میں لگنے والی ایک بڑی آگ تھی جس نے وینٹورا اور سانتا باربرا کاؤنٹیز کو متاثر کیا۔ آتشزدگی کی ابتدا 4دسمبر 2017ء کو ہوئی۔اس آگ سے تقریباً 2لاکھ 81ہزار 893 ایکٹر رقبہ جل کر راکھ ہو گیا۔جدید کیلیفورنیا کی تاریخ میں اسے بدترین آتشزدگی تصور کیا جاتا ہے۔سرکاری طور پریکم جون2018ء کو آگ بجھنے ہونے کا اعلان کیا گیا۔اس آگ سے2.2ارب ڈالر کا نقصان ہوا۔تھامس آتشزدگی کی وجہ سے وینٹورا کی زراعت کی صنعت کو کم از کم پونے دو کروڑ ڈالر کا نقصان ہوا۔
دسمبر احتجاج
4دسمبر 2005ء کو ہانگ کانگ میں ہزاروں افراد نے جمہوریت کے حق میں احتجاج کیا اور حکومت سے مطالبہ کیاکہ وہ بین الاقوامی اور مساوی حق رائے دہی کا حق فراہم کرے۔ مظاہرین نے چیف ایگزیکٹو اور قانون ساز کونسل کی تمام نشستوں کو براہ راست منتخب کرنے کے حق کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے حکومت پر یہ بھی زور دیا کہ حکومت کی اصلاحاتی تجویز کی حدود کے جواب میں ضلع کونسلوں کی مقرر کردہ نشستیں ختم کر دی جائیں۔ سول ہیومن رائٹس فرنٹ اور جمہوریت کے حامی قانون سازوں کے زیر اہتمام، یہ احتجاج وکٹوریہ پارک میں فٹ بال کی پچز سے شروع ہوا۔ ایک اندازے کے مطابق اس احتجاج میںتقریباًڈھائی لاکھ افراد نے شرکت کی۔
پین امریکن ورلڈ ائیر کے آپریشنز کا اختتام
پین امریکن ورلڈ ائیر ویز جو ''پین ایم‘‘ کے نام سے بھی جانی جاتی تھی ایک امریکی فضائی کمپنی تھی جسے20ویں صدی کے پیشتر حصے تک امریکہ کی سب سے بڑی غیر سرکاری ہوائی جہاز کمپنی تصور کیا جاتا تھا۔یہ دنیا بھر میں اڑان بھرنے والی پہلی ایئر لائن تھی اور اس نے جدید ایئر لائن انڈسٹری جیسے جمبو جیٹ، اور کمپیوٹرائزڈ ریزرویشن سسٹم جیسی سہولیات کا آغاز کیا۔4دسمبر1991ء میں اس کمپنی کے آپریشنز بند ہونے تک ''پین ایم‘‘ دنیا بھر میں تمام آسائشوں کے ساتھ سفر کرنے والی فضائی کمپنی تھی۔
ملائیشین طیارہ اغوا
ملائیشین ایئر لائن کی پرواز 653 ملائیشیا میں پینانگ سے کولالمپور کیلئے ایک طے شدہ ڈومیسٹک پرواز تھی، جو ملائیشین ایئر لائنز کے ذریعے آپریٹ کی جارہی تھی۔ 4 دسمبر 1977 ء کی شام کو'' بوئنگ 737‘‘ طیارہ کپانگ، جوہر، ملائیشیا میں گر کر تباہ ہو گیا، جبکہ مبینہ طور پر ہائی جیکرز نے اسے سنگاپور کی طرف موڑ دیا تھا۔ یہ ملائیشیا ایئر لائنز کا پہلا مہلک ہوائی حادثہ تھا۔ اس حادثے میں 93 مسافر اور عملے کے 7افراد ہلاک ہوئے۔ پرواز کو بظاہر ہائی جیک کر لیا گیا تھا ۔ جن حالات میں ہائی جیکنگ اور اس کے نتیجے میں حادثہ پیش آیا وہ ابھی تک حل طلب ہیں۔