مسجد مہابت خان پشاور تاریخی عظمت اور ثقافتی ورثے کا شاہکار

اسپیشل فیچر
خیبر پختونخوا کا دارالحکومت پشاور تاریخ اور ثقافت کا ایک بڑا مرکز ہے۔ یہ شہر قدیم تہذیبوں، جنگی معرکوں اور تجارتی شاہراہوں کا چشم دید گواہ ہے۔ پشاور شہر کے قلب میں واقع مسجد مہابت خان اپنے ماضی کی داستانیں سناتی ہے۔17ویں صدی میں تعمیر کی گئی مسجد مہابت خان مغلیہ فن تعمیر کا ایک شاندار نمونہ ہے اور پشاور کی شناخت کا اہم حصہ ہے۔ مسجد مہابت خان کی بنیاد 1670ء کے لگ بھگ مغل شہنشاہ اورنگزیب عالمگیر کے دور میں رکھی گئی۔ اس کا نام اس کے بانی مہابت خان کے نام پر رکھا گیا جو اُس وقت پشاور کا مغل گورنر تھا۔ مہابت خان نے شہنشاہ شاہجہاں اور اورنگزیب کے ادوار میں متعدد خدمات انجام دیں اور اپنی وفاداری اور انتظامی صلاحیتوں کی بدولت مشہور ہوا۔ اس مسجد کی تعمیر کا مقصد نہ صرف عبادت گاہ بنانا تھا بلکہ مغلیہ اقتدار کے عروج کو بھی ظاہر کرنا تھا۔ تاریخی روایات کے مطابق مسجد مہابت خان کی تعمیر میں مقامی کاریگروں کے ساتھ ساتھ وسط ایشیا سے تعلق رکھنے والے ماہرین نے بھی حصہ لیا۔ یہ مسجد مغلیہ سلطنت کی مذہبی رواداری اور فن تعمیر کے ذوق کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ مسجد مہابت خان مغلیہ طرزِ تعمیر کا ایک نادر نمونہ ہے جس میں فارسی، ہندی، اور پختون تعمیراتی عناصر کا حسین امتزاج دیکھنے کو ملتا ہے۔ مسجد کا مرکزی دروازہ بلند اور مقرنسوں (Muqarnas) سے مزین ہے جو آنے والوں کو اپنی طرف متوجہ کرتے ہیں۔ مسجد کے اندر ایک وسیع صحن ہے جس کے درمیان وضو کے لیے ایک حوض واقع ہے۔
مسجد کے تین گنبد ہیں جن میں مرکزی گنبد سب سے بڑا اور نمایاں ہے۔ گنبدوں پر سفید اور نیلے رنگ کی ٹائلوں سے بنے ہوئے پھولدار نقوش ہیںجو مغلیہ آرٹ کی عکاسی کرتے ہیں۔ میناروں کی بلندی اور ان پر بنے ہوئے جیومیٹریکل ڈیزائن مسجد کو شہر کے دیگر قدیم ڈھانچوں سے ممتاز بناتے ہیں۔ مسجد کا داخلی حصہ قرآنی آیات اور خطاطی سے آراستہ ہے۔ دیواروں پر پھول پتیوں اور عربی طرز کے نقوش دیکھنے والوں کو مبہوت کر دیتے ہیں۔ محراب اور ستونوں پر لکڑی کا نفیس کام اور پتھر پر کی گئی منبت کاری مغلیہ دور کی مہارت کو ظاہر کرتی ہے۔
مسجد مہابت خان نے اپنے طویل دور میں کئی تاریخی کئی اتار چڑھاؤ دیکھے ہیں۔ 19ویں صدی میں جب سکھ سلطنت نے پشاور پر قبضہ کیا تو اس مسجد کو بھی نقصان پہنچا۔ سکھ حکمران مہاراجہ رنجیت سنگھ کے دور میں مسجد کا کچھ حصہ عارضی طور پر فوجی استعمال میں آیا لیکن مقامی آبادی کی مضبوط وابستگی کی بدولت اس کی اصلیت برقرار رہی۔ انگریز دور میں بھی مسجد کو بحال کرنے کی کوششیں ہوئیںلیکن اصل بحالی کا کام 20ویں صدی میں پاکستان کی حکومت نے کیا۔ 2010ء کے عشرے میں مسجد کی مرمت کا کام دوبارہ شروع ہوا جس میں بین الاقوامی ماہرین نے بھی معاونت کی تاکہ اس کی تاریخی تفصیلات کو محفوظ کیا جا سکے۔
مسجد مہابت خان صرف ایک عبادت گاہ ہی نہیں پشاور کی ثقافتی شناخت کا درجہ بھی رکھتی ہے۔ یہاں روزانہ ہزاروں نمازی جمع ہوتے ہیںجبکہ جمعۃالمبارک اور اور رمضان المبارک کے دوران یہ تعداد کئی گنا بڑھ جاتی ہے۔ مسجد کے صحن میں علما کے دروس اور قرآنی محافل کا اہتمام بھی باقاعدگی سے کیا جاتا ہے۔ یہ مسجد سیاحوں کے لیے بھی ایک اہم مقام ہے۔ اس کی تاریخی عمارت سیاحوں کو اپنی طرف کھینچتی ہے۔ خاص طور پر مغلیہ دور کے فن پاروں میں دلچسپی رکھنے والے افراد کے لیے یہ جگہ ایک زندہ عجائب خانہ کی مانند ہے۔ وقت کے ساتھ اس مسجد کی ساخت کو قدرتی عوامل اور انسانی مداخلت سے نقصان پہنچا ہے۔ تاہم حکومت اور عالمی ورثہ کے لیے کام کرنے والے اداروں کی مشترکہ کوششوں سے اس کی بحالی کا کام جاری ہے۔ 2021ء میں خیبر پختونخوا کی حکومت نے مسجد مہابت خان کے میناروں اور گنبدوں کی مرمت کے لیے خصوصی فنڈز جاری کیے تاکہ انہیں آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ بنایا جا سکے۔ مسجد مہابت خان تاریخ، فن تعمیر اور ثقافت کا ایک خوبصورت نمونہ ہے۔ اس کی تعمیر میں پوشیدہ محنت، اس کی دیواروں میں جڑی ہوئی داستانیں اور اس کے گنبدوں سے گونجتی ہوئی اذانیں اسے شہر کی روح بناتی ہیں۔ یہ مسجد ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ تہذیبی ورثے کی حفاظت صرف عمارتوں کو بچانے کا نام نہیں بلکہ ان میں موجود جذبات‘ عقائد اور تاریخ کو زندہ رکھنا ہے۔ امید ہے کہ آنے والی نسلیں اس تاریخی شاہکار کو اسی طرح سنبھال کر رکھیں گی جس طرح ہمارے آباؤ اجداد نے اسے ہم تک پہنچایا۔