تھکاوٹ: جسم کی خاموش فریاد سنئے!
اسپیشل فیچر
صبح بیدار ہوتے ہی آپ کا جسم بھاری محسوس ہوتا ہے، آفس میں چائے کی چسکی بھی توانائی نہیں دیتی اور شام تک ایسا لگتا ہے جیسے آپ نے کوئی پہاڑ سر کیا ہو۔ اگر یہ کیفیت روزمرہ کا معمول بن چکی ہے تو یہ محض نیند کی کمی یا ذہنی دباؤ نہیں، بلکہ آپ کے جسم کی ایک خاموش فریاد ہو سکتی ہے۔ماہرین صحت خبردار کر رہے ہیں کہ مسلسل تھکن ایک ایسی غذائی کمی کا نتیجہ ہو سکتی ہے جو بہت کم لوگوں کو معلوم ہوتی ہے، مگر اس کے اثرات زندگی کے ہر پہلو کو متاثر کر سکتے ہیں۔جدید تحقیق یہ ظاہر کرتی ہے کہ تھکن کی ایک بڑی وجہ بعض اہم وٹامنز اور منرلز کی کمی ہے۔ بدقسمتی سے ہم اکثر اسے ''بس تھوڑا سا بزی ہوں‘‘ یا ''نیند پوری نہیں ہو رہی‘‘ کہہ کر نظرانداز کر دیتے ہیں۔لیکن حقیقت اس سے کہیں زیادہ سنجیدہ ہو سکتی ہے۔
توانائی کا ایندھن غذائی اجزاء
''وٹامن B12‘‘: ''وٹامن B12‘‘دماغ اور اعصاب کا محافظ ہوتا ہے اور یہ اعصابی نظام کو طاقت فراہم کرتا ہے۔ اس کی کمی سے مستقل تھکن، یادداشت کی کمزوری، ہاتھ پاؤں میں سنسناہٹ اور چکر آنا جیسے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ خاص طور پر وہ افراد جو گوشت کم کھاتے ہیں یا مکمل سبزی خور (vegetarian) ہیں، ان میں یہ کمی عام پائی جاتی ہے۔
آئرن توانائی کا اصل ذریعہ : آئرن خون میں ہیموگلوبن کی تشکیل کیلئے ضروری ہے، جو جسم کے ہر حصے تک آکسیجن پہنچاتا ہے۔ کمی کی صورت میں سانس پھولنا، جلد زرد یا پھیکی ہونا، ہاتھ پاؤں سرد رہنا جیسی علامات ظاہر ہو سکتی ہیں۔ خواتین خاص طور پر وہ جو حیض کی وجہ سے خون کا نقصان برداشت کرتی ہیں، اس کمی کا زیادہ شکار ہوتی ہیں۔
وٹامن D : وٹامن D صرف ہڈیوں کیلئے ہی نہیں، بلکہ عمومی توانائی، پٹھوں کی صحت اور موڈ پر بھی اثر انداز ہوتا ہے۔ دن بھر سورج سے دور رہنے والے افراد دفاتر، گھروں یا پردہ کرنے والی خواتین اس کی کمی کا آسانی سے شکار ہو سکتے ہیں۔
میگنیشیئم ،چھوٹا منرل، بڑا کردار: یہ معدنی عنصر جسم کے 300 سے زائد میٹابولک افعال میں شامل ہے۔ اس کی کمی سے عضلات میں کھنچاؤ، نیند کی بے ترتیبی، شدید تھکن جیسے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔
حل: پلیٹ سے پتے تک
خوراک میں تبدیلی لائیں اور اپنی خوراک میں درج ذیل اشیاء کو شامل کریں۔
٭...گوشت، انڈے، مچھلی B12 کے بہترین ذرائع ہیں۔
٭ ...پالک، چنے، سیب آئرن سے بھرپور ہوتے ہیں۔
٭...دھوپ میں روزانہ بیٹھنا قدرتی وٹامن Dحاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔
٭...بادام، اخروٹ، کالے چنے میگنیشیئم کے ذخیرے ہیں۔
سپلیمنٹس
غذائی سپلیمنٹس فائدہ مند ہو سکتے ہیں، مگر صرف تب جب آپ کو درست مقدار اور ضرورت کا علم ہو۔ خود علاجی (self- medication) نقصان دہ ہو سکتی ہے۔
ٹیسٹ کروانا شرمندگی نہیں
اگر آپ طویل عرصے سے تھکن کا شکار ہیں، تو خون کے چند بنیادی ٹیسٹ جیسے CBC، وٹامن B12، آئرن لیول، وٹامن D کروانا بہتر ہے۔ یہ ٹیسٹ نہ صرف وجوہات واضح کریں گے بلکہ بروقت علاج کی راہ بھی دکھائیں گے۔
تھکن کو معمول نہ سمجھیں
تھکن کوئی معمولی چیز نہیں۔ یہ جسم کا وہ سگنل ہے جسے وقت پر نہ سمجھا جائے تو مسائل سنگین ہو سکتے ہیں۔ اگر آپ چاہتے ہیں کہ زندگی متحرک، توانا اور خوشحال ہو، تو ضروری ہے کہ اپنی صحت پر توجہ دیں، اپنی پلیٹ پر نظر ڈالیں اور اپنے جسم کی فریاد کو سنیں۔یاد رکھیں، طاقتور انسان وہی ہے جو اپنے جسم کی بات سننے کا ہنر جانتا ہو۔
٭٭٭٭