آج کا دن
اسپیشل فیچر
عالمی اولمپک کمیٹی کا قیام
23 جون 1894ء کو پیرس میں عالمی اولمپک کمیٹی کا قیام عمل میں آیا۔ یہ ایک غیر منافع بخش، غیر سرکاری تنظیم ہے جس کا ہیڈ کوارٹر لوزان، سوئٹزرلینڈ میں واقع ہے۔ یہ تنظیم 100 فعال اراکین، 32 اعزازی اراکین اور ایک معزز رکن پر مشتمل ہے۔ یہ جدید اولمپک کا مقتدر ادارہ ہے جو ہر چوتھے سال سردیوں اور گرمیوں میں منعقد ہوتے ہیں۔ آئی او سی کی جانب سے پہلے گرمائی اولمپکس 1896ء میں یونان میں منعقد ہوئے تھے جبکہ پہلے سرمائی اولمپکس 1924ء میں فرانس میں منعقد ہوئے تھے۔
بھارتی تاریخ کا مہلک ترین فضائی حادثہ
ایئر انڈیا کی فلائٹ 182 ایک مسافر پرواز تھی جو مونٹریال سے بھارت جا رہی تھی۔ 23 جون 1985ء کو بم کے دھماکے کے نتیجے میں یہ طیارہ بحر اوقیانوس پر تباہ ہو گیا۔ طیارے کی باقیات آئرلینڈ کے ساحل سے تقریباً 190 کلومیٹر دور سمندر میں گریں۔جہاز میں سوار تمام 329 افراد ہلاک ہو گئے، ان میں 268 کینیڈین شہری، 27 برطانوی شہری اور 24 بھارتی شہری شامل تھے۔یہ کینیڈا کی تاریخ کا بدترین دہشت گرد حملہ تھا اور ہوا بازی کی تاریخ کا ایک انتہائی مہلک واقعہ بھی۔
جنگ پلاسی : نواب سراج الدولہ کو شکست
پلاسی کی جنگ 23 جون 1757ء کو بنگال کے نواب اور اس کے فرانسیسی اتحادیوں کے خلاف رابرٹ کلائیو کی قیادت میں برطانوی ایسٹ انڈیا کمپنی کی فیصلہ کن فتح تھی۔ اس جنگ میں تین ہزار انگریز سپاہیوں نے نواب سراج الدولہ کے 50 ہزار سپاہیوں کو شکست دی۔ یہ فتح نواب سراج الدولہ کے کمانڈر انچیف میر جعفر کی غداری کا نتیجہ تھی۔اس جنگ نے 1772ء میں برٹش ایسٹ انڈیا کمپنی کو بنگال پر کنٹرول حاصل کرنے میں مدد کی۔ اگلے سو سالوں میں انہوں نے برما سمیت برصغیر کے بیشتر علاقوں پر اپنا کنٹرول قائم کیا۔
کرسٹوفر نے ٹائپ رائٹر کو پیٹنٹ کروایا
1868ء میں آج کے روز ٹائپ رائٹر کے موجد کرسٹوفر لیتھم شولر نے اس ایجاد کو اپنے نام کروایا۔کرسٹوفر لیتھم شولز (14 فروری 1819ء - 17 فروری، 1890ء) ایک امریکی موجد تھا ، جس نے ''QWERTY‘‘ کی بورڈ بھی ایجاد کیا۔وہ اخبار کے پبلشر اور ایک سیاستدان بھی تھے۔مختلف کی بورڈ والے ٹائپ رائٹرز 1714ء کے اوائل میں ہینری مل نے ایجاد کیے تھے اور 1800ء کی دہائی میں مختلف شکلوں میں دوبارہ ایجاد کیے گئے ۔ شولز کے ٹائپ رائٹر پچھلے ماڈلز میں بہتری لائے۔