آج کا دن
اسپیشل فیچر
ماریہ تھیریسیا کی تاجپوشی
سلطنت ہیبس برگ کی واحد خاتون حکمران ماریہ یسیا کی ہنگری کی ملکہ کی حیثیت سے تاجپوشی 25 جون 1741 ء کو سینٹ مارٹن کے کیتھڈرل میں ہوئی۔ وہ آسٹریا ، ہنگری ، کروشیا ، بوہیمیا ، ٹرانسلوینیہ ، منٹووا ، میلان ، لوڈومیریا اور گلیشیا ، آسٹریا نیدرلینڈز اور پیرما کی حکمران تھیں۔ اکتوبر 1740ء میں اس کے والد شہنشاہ چارلس VI کے انتقال کے بعد ماریہ تھیریسا کا 40 سالہ دورِ اقتدار شروع ہوا۔خاتون ہونے کے ناتے اسے اپنے والد کی جانشینی کا اہل نہیں سمجھا جاتا تھا،لیکن جانشینی کی جنگ میں ماریہ یسیا کو اس کی مضبوط قیادت کے لیے سراہا جاتا ہے، ج میں اس نے پرشیا کے فریڈرک دی گریٹ کے خلاف اپنے علاقوں کا بھرپور دفاع کیا تھا۔
کوریا ئی جنگ
کوریائی جنگ شمالی اور جنوبی کوریا کے درمیان 1950ء سے 1953ء تک لڑی گئی۔یہ جنگ 25 جون 1950ء کو شروع ہوئی جب شمالی کوریا نے سرحد پر جھڑپوں اور جنوبی کوریا میں بغاوتوں کے بعد جنوبی کوریا پر حملہ کر دیا تھا۔ شمالی کوریا کو سوویت یونین کی حمایت حاصل تھی جبکہ جنوبی کوریا کو اقوام متحدہ،اور خاص طور پر امریکہ کی حمایت حاصل تھی۔ یہ لڑائی 27 جولائی 1953ء کو جنگ بندی کے ساتھ ختم ہوئی۔1910ء میں امپیریل جاپان نے کوریا پر قبضہ کیا جہاں اس نے 15 اگست 1945ء کو دوسری عالمی جنگ کے اختتام پر ہتھیار ڈالنے تک 35 سال حکومت کی۔ سوویت یونین نے شمالی زون کا انتظام سنبھالا اور امریکیوں نے جنوبی زون کا۔ 1948 میں سرد جنگ کے تناؤ کے نتیجے میں قبضے والے علاقے دو خودمختار ریاستیں بن گئے۔
موزمبیق کی آزادی
1975ء میں آج کے دن موزمبیق نے پرتگال سے آزادی حاصل کی۔1498ء میں واسکو ڈی گاما نے اس علاقے کی سیاحت کی اور 1505ء سے پرتگیزیوں نے اس پر اپنا استعمار قائم کر لیا۔ موزمبیق1975ء میں اس استعمار سے آزاد ہوا اور اس کے بعد جلد ہی عوامی جمہوریہ موزمبیق کی شکل اختیار کرلی۔ یہی وہ دور تھا جب موزمبیق میں زبردست خانہ جنگی برپا تھی۔ خانہ جنگی کا آغاز 1972میں ہوا اور 1992ء میں یہ خانہ جنگی ختم ہوئی۔
سعودی عرب میں دھماکہ
25جون1996ء سعودی عرب کے شہر الخوبر میں ایک ہاؤسنگ کمپلیکس کے ایک حصے میں بم دھماکہ ہوا۔یہ دھماکہ قومی تیل کمپنی کے ہیڈکوارٹر ظہران اور کنگ عبدالعزیز ائیربیس کے قریب دہشت گردانہ حملہ تھا۔جس وقت یہ حملہ ہوا اس وقت خوبر ٹاورز کو اتحادی افواج کی رہائش گاہ کے طور پر استعمال کیا جارہا تھا ۔ یہ افواج آپریشن سدرن واچ کیلئے یہاں موجود تھیں۔دھماکے کیلئے ٹرک کا استعمال کیا گیا۔اس میںامریکہ کی فضائیہ کے اہلکار موجود تھے جن میں سے 19ہلاک ہوئے اور مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے 498 افراد زخمی ہوئے۔