وادی اشکو من جھیلیں، گلیشیئر اور آبشاریں

اسپیشل فیچر
پاکستان کے شمالی علاقہ جات،گلگت بلتستان نہ صرف اپنی قدرتی خوبصورتی کے باعث دنیا بھر میں مشہور ہے بلکہ یہاں کی ہر وادی ایک الگ داستان، ایک الگ منظر اور ایک منفرد جغرافیائی پہچان رکھتی ہے۔ انہی وادیوں میں سے ایک کم معروف لیکن انتہائی حسین وادی ہے وادی اِشکومن۔ یہ وادی قدرتی مناظر، برف پوش پہاڑوں، بہتے جھرنوں، پر سکون فضا، مہمان نواز لوگوں اور ثقافتی تنوع کے باعث ایک انمول خزانہ ہے۔
جغرافیائی محل وقوع
وادی اِشکومن گلگت بلتستان کے ضلع غذر میں واقع ہے۔ یہ وادی گلگت شہر سے تقریباً 120 کلومیٹر کے فاصلے پر شمال مغرب کی سمت واقع ہے۔ وادی کا صدر مقام چٹورکھنڈ ہے جو اِشکومن سب ڈویژن کا مرکزی قصبہ بھی ہے۔ اِشکومن وادی کی سرحدیں ایک طرف افغانستان کے واخان کوریڈور اور دوسری جانب چینی صوبے سنکیانگ سے ملتی ہیں۔ یہاں کا موسم سرد اور خشک ہوتا ہے۔ سردیوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر جاتا ہے جبکہ گرمیوں میں موسم خوشگوار اور معتدل رہتا ہے جو سیاحت کے لیے موزوں وقت ہے۔
قدرتی حسن
وادی اِشکومن کی سب سے بڑی پہچان اس کا دلفریب قدرتی حسن ہے۔ سرسبز و شاداب میدان، برف سے ڈھکی چوٹیاں، نیلے آسمان کے نیچے بہتے ہوئے صاف شفاف دریاؤں اور ندی نالوں کا منظر روح کو تازگی بخشتا ہے۔ وادی میں کئی دلکش مقامات جیسے بارجنگال، ایمت، تھوئی، سندی، درکوت اور چٹورکھنڈ خاص شہرت رکھتے ہیں۔یہاں کے پہاڑ نہ صرف بلند و بالا ہیں بلکہ اپنی شکل و صورت میں بھی انتہائی منفرد ہیں۔ درکوت پاس ایک مشہور پہاڑی درہ ہے جو اِشکومن کو چترال کے علاقے یارخون سے ملاتا ہے۔ اس درے سے گزرنا ایک دل چھو لینے والا تجربہ ہے جس میں بلند پہاڑوں، برفانی راستوں اور قدرتی جنگلوں سے واسطہ پڑتا ہے۔
جھیلیں، گلیشیئر اور آبشاریں
وادی اِشکومن میں کئی خوبصورت جھیلیں اور گلیشیئر موجود ہیں۔ کوئیس گلیشیئر، دریگ گلیشیئر اور درفشان گلیشیئر اپنی وسعت اور دلکشی کے باعث سیاحوں کو بہت متاثر کرتے ہیں۔اسی طرح وادی میں مختلف مقامات پر قدرتی آبشاریں بھی موجود ہیں جو موسم بہار اور گرما میں نہایت حسین منظر پیش کرتی ہیں۔ ان آبشاروں کے آس پاس بیٹھ کر پرندوں کی چہچہاہٹ اور پانی کی جلترنگ سنتے ہوئے وقت گزارنا ایک روح پرور تجربہ ہے۔انہی آبشاروں اور سرسبز چراگاہوں کی بدولت یہ علاقہ ''اشقمان‘‘کے نام سے مشہور ہواجوبروشسکی زبان کا لفظ ہے جس کے معنی ہرے بھرے میدانوں کے ہیں، مگروقت کے ساتھ ''اشقمان‘‘ ''اِشکومن‘‘ بن گیاہے۔
ثقافت اور زبان
اشکومن وادی نہ صرف جغرافیائی اعتبار سے منفرد ہے بلکہ یہاں کی ثقافت اور زبانیں بھی منفرد ہیں۔ گلگت کایہ علاقہ اس لحاظ سے بھی منفرد ہے کہ یہاں تقریباً ایک درجن زبانیں رائج ہیں۔یہاں کی اہم زبانوں میں کھوار، وخی، شینا اور بروشسکی شامل ہیں۔ مقامی لوگ نہایت مہمان نواز، محنتی اور سادہ مزاج ہوتے ہیں۔ ان کی روایتی ملبوسات، موسیقی، لوک رقص اور تہوار اس وادی کی تہذیبی جھلکیاں پیش کرتے ہیں۔
سیاحتی اہمیت
وادی اِشکومن قدرتی سیاحت، مہم جوئی ، کلچرل ٹورازم اور ماحولیاتی سیاحت کے لیے شاندار مقام ہے۔ اِشکومن کے پہاڑی راستے اور درے، جیسا کہ درکوت پاس، شنسکر پاس اور کوئیس پاس ٹریکنگ کے شوقین افراد کے لیے کسی معروف ہیں۔ وادی کے کئی مقامات پر کیمپنگ بھی کی جا سکتی ہے، جہاں قدرت سے قربت کا احساس ہوتا ہے۔ مارخور، برفانی چیتا، ریچھ اور دیگر نایاب جنگلی جانوروں کی موجودگی بھی اس علاقے کو خصوصی اہمیت دیتی ہے۔اگرچہ وادی اِشکومن قدرتی حسن سے مالا مال ہے تاہم سیاحت کے فروغ کے لیے بنیادی سہولیات کی کمی ایک بڑا مسئلہ ہے۔ سڑکوں کی حالت بہتر بنانے، ہوٹلنگ کی سہولیات میں اضافہ کرنے، مقامی گائیڈز کی تربیت اور تحفظ ماحول کے اصولوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔حکومت گلگت بلتستان اور ضلعی انتظامیہ اگر اس جانب توجہ دے تو یہ وادی نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سیاحوں کے لیے بھی پرکشش مقام بن سکتی ہے۔وادی اِشکومن کا حسن، جغرافیائی تنوع، ثقافتی رنگ اور مہمان نوازی اسے پاکستان کے دیگر شمالی علاقوں میں منفرد بناتی ہے۔ اگر مناسب منصوبہ بندی اور سہولیات فراہم کی جائیں تو یہ وادی پاکستان کے سیاحتی خزانے میں ایک قیمتی اضافہ ثابت ہو سکتی ہے۔
وادی اشکومن ، معروف گلیشیئر
دائی تھر گلیشئر ، شمس آباد نالہ گلیشیئر ، بلہنز نالہ گلیشیئر ، برصوات نالہ گلیشیئر ، بورتھ نالہ گلیشیئر ، قرمبر دریا گلیشیئر ، چلینج یاز گلیشیئر اور شہھ ینج (کالا پہاڑ) گلیشیئر کی سرحدیں ایک دوسرے سے ملتے ہیں ۔ان میں سے سب سے بڑا دائی تھر گلیشیئر ہے، اس کے بعد شہھ ینج گلیشیئر،تیسرے نمبر پر چلینج گلیشیئر، چوتھے نمبر پر قرمبر گلیشیئر، پانچویں نمبر پر برصوات گلیشیئر ہے۔
وادی اِشکومن کی معروف جھیلیں
جھیلیں:وادی اشکومن میں کئی خوبصورت جھیلیں واقع ہیں، جن میں سے چند مشہور جھیلیں درج ذیل ہیں: بند گُل جھیل:یہ جھیل وادی اشکومن کے جنوب میں واقع ہے اور اپنی قدرتی خوبصورتی کی وجہ سے مشہور ہے۔ ہری پربت جھیل:یہ جھیل بھی وادی اشکومن میں واقع ہے اور اس کے آس پاس کا علاقہ بھی دیکھنے کے قابل ہے۔
وسائی جھیل: اگرچہ دیوسائی سطح مرتفع ہے لیکن اس کے آس پاس کئی جھیلیں ہیں جو اشکومن وادی کے قریب ہیں۔ شندور جھیل:اگرچہ شندور جھیل اشکومن وادی سے تھوڑی دور ہے لیکن یہ وادی کے قریب ترین جھیلوں میں سے ایک ہے۔ یہ جھیل اپنے سالانہ پولو میچ کے لیے مشہور ہے۔