''لیگو‘‘ (LEGO) نہ صرف دنیا کا مقبول ترین کھلونا ہے بلکہ اس نے ایک مکمل ''تھیم پارک ایمپائر‘‘بھی قائم کر رکھی ہے، جسے ''لیگولینڈ‘‘کے نام سے جانا جاتا ہے۔ LEGO گروپ نے بچوں کی تخلیقی صلاحیتوں اور خاندانوں کیلئے مشترکہ تفریح کے تصور کو عملی جامہ پہناتے ہوئے مختلف ممالک میں لیگولینڈ تھیم پارکس قائم کیے ہیں۔ یہ پارکس نہ صرف کھلونوں کی دنیا کو حقیقت کا روپ دیتے ہیں بلکہ تعلیم، تفریح اور انجینئرنگ کا حسین امتزاج بھی ہیں۔ ان پارکس کا مقصد بچوں اور خاندانوں کو نہ صرف تفریح فراہم کرنا ہے بلکہ ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو بھی فروغ دینا ہے۔سب سے پہلے گزشتہ ہفتے عوام کیلئے کھولے جانے والے گیارہویں لیگو لینڈ کی کریں گے جو چین کے شہر شنگھائی میں تیار کیا گیا ہے، اس کے بعد دنیا میں پائے جانے والے دیگر 10 لیگو لینڈز کی مختصراً بات کر یں گے۔ لیگولینڈ شنگھائی ریزورٹلیگولینڈ شنگھائی ریزورٹ 3لاکھ18 ہزار مربع میٹر (تقریباً 31 ایکڑ) کے رقبے پر پھیلا ہوا ہے۔ یہ دنیا بھر میں گیارہواں اور سب سے بڑا لیگولینڈ ریزورٹ ہے۔افتتاحی تقریب میں چینی حکام، LEGO گروپ کے نمائندے اور عوام کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ اس موقع پر مختلف رنگا رنگ تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ ریزورٹ کے گیٹ کھلتے ہی ہزاروں افراد نے اندر کا رخ کیا اور LEGO کی دنیا میں کھو گئے۔لیگو لینڈ شنگھائی ریزورٹ میں متعدد تھیم زونز، انٹرایکٹو گیمز، LEGO سے بنی ہوئی مشہور عمارات اور بچوں کیلئے مخصوص رولر کوسٹرز ہیں۔ پارک میں بچوں کی تفریح کیلئے مختلف شعبے بنائے گئے ہیں۔''لیگو سٹی‘‘نامی حصے میں بچے خود پائلٹ، فائرفائٹر یا پولیس آفیسر بن سکتے ہیں۔ ''منی لینڈ‘‘ میں LEGO بلاکس سے چین کی مشہور عمارتیں مثلاً دیوارِ چین، بیجنگ کا فوربڈن سٹی اور شنگھائی کا اسکائی لائن بنایا گیا ہے۔ ''زون ایڈونچر‘‘ میں ایڈونچر اور مہم جوئی کے شوقین بچے اور بڑے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔''لیگو فرینڈز‘‘ میں بچوں کو کہانیوں پر مبنی مشن اور چیلنجز ملتے ہیں۔''لیگو ہوٹل‘‘کے کمروں کی سجاوٹ مکمل طور پر لیگو تھیم پر مبنی ہے۔شنگھائی میں لیگولینڈ ریزورٹ کا قیام چین کی سیاحتی صنعت کیلئے ایک اہم سنگِ میل سمجھا جا رہا ہے۔ ملک میں سیاحت کو مزید فروغ دینے کیلئے یہ ایک خوش آئند اقدام ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس ریزورٹ سے نہ صرف مقامی معیشت کو سہارا ملے گا بلکہ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔''لیگولینڈ بلنڈ‘‘ ،ڈنمارکدنیا میں پائے جانے والے لیگولینڈ تھیم پارکس دنیا میں پائے جانے والے دیگر 10 لیگو لینڈز کی مختصراً بات کر تے ہیں۔لیگولینڈ بلڈنگ، ڈنمارکدنیا کا پہلا لیگولینڈ پارک 1968ء میں LEGO کے آبائی وطن ڈنمارک کے شہر بلنڈ میں قائم ہوا۔ ''لیگو لینڈ بلنڈ‘‘ (LEGOLAND Billund) کا شعبہ ''منی لینڈ‘‘ سب سے مشہور مقام ہے، جہاں یورپی شہروں کی مشہور عمارات LEGO سے بنائی گئی ہیں۔لیگولینڈ کیلیفورنیا، امریکہیہ پہلا امریکی لیگولینڈ پارک ہے، جس میں ''لیگو تھیم‘‘ واٹر پارک اور سی لائف ایکویریم بھی شامل ہیں۔کیلیفورنیا میں واقع اس پارک کا افتتاح 1999ء میں کیا گیا تھا۔لیگولینڈ فلوریڈا ،امریکہیہ پارک ایک سابقہ تھیم پارک ''سائپریس گارڈنز‘‘ (Cypress Gardens)کی جگہ قائم کیا گیا اور اب یہ لیگولینڈ کی بڑی سائٹس میں سے ایک ہے۔ یہ 2011ء میں عوام کیلئے کھولا گیا تھا۔لیگولینڈ ونڈسر ، برطانیہلندن کے قریب ونڈسر کے مقام پر اس پارک کا افتتاح 1996ء میں کیا گیا تھا۔ یہ یورپ میں دوسرا لیگولینڈ پارک تھا اور برطانیہ میں بچوں کیلئے سب سے زیادہ وزٹ کیے جانے والے مقامات میں شامل ہے۔لیگولینڈ جرمنی جرمنی کے وسط میں واقع گنزبرگ (Günzburg) کے مقام پر یہ پارک 2002ء میں قائم کیا گیا۔ اس پارک کے شعبے ''منی لینڈ‘‘ میں یورپ کی مشہور عمارتوں کے LEGO ماڈلز تیار کئے گئے ہیں۔لیگولینڈ ملائیشیایہ پہلا لیگولینڈ پارک ہے جو ایشیا میں کھولا گیا۔ یہاں LEGO واٹر پارک اور ہوٹل بھی موجود ہے۔ملائیشیا میں یہ جوہور بہرو (Johor Bahru) کے مقام پر 2012ء میں قائم کیا گیا۔لیگولینڈ دبئیلیگو لینڈ نے اپنا ساتواں پارک 2016ء میں متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں کھولا۔ یہ مشرقِ وسطیٰ کا پہلا لیگولینڈ پارک تھا۔ اس پارک میں گرمی کے باعث ان ڈور ایکٹیویٹیز پر خاص توجہ دی گئی ہے۔لیگولینڈ جاپان جاپان میں لیگو مصنوعات کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے 2017ء میں اس پارک کی تعمیر کی گئی۔ یہاں بھی ''لیگو تھیمڈ‘‘ ہوٹل موجود ہے۔ لیگولینڈ نیویارک، امریکہ2021ء میں بننے والا یہ امریکہ میں سب سے بڑا لیگولینڈ پارک ہے، جو شمال مشرقی امریکہ کے بچوں کیلئے ایک اہم تفریحی مرکز ہے۔لیگولینڈ ساؤتھ کوریا10واں لیگولینڈ پارک جنوبی کوریا میں بنایا گیا۔ 2022ء میں اس پارک کا افتتاح کیا گیا جو ایک جزیرے پر قائم کیا گیا تھا۔یہ اپنی منفرد ساخت اور قدرتی مناظر کے باعث دنیا بھر کے سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنا رہتا ہے۔مستقبل کے پراجیکٹسLEGO گروپ دنیا کے مختلف خطوں میں نئے پارکس کے قیام پر غور کر رہا ہے، جن میں بھارت، روس، اور برازیل جیسے ممالک شامل ہو سکتے ہیں۔لیگولینڈ پارکس صرف تفریحی مقامات نہیں بلکہ بچوں کی تخلیقی تربیت، خاندانوں کی اجتماعی مصروفیت اور ٹیکنالوجی و انجینئرنگ کی عملی جھلک پیش کرنے والے تعلیمی مراکز بھی ہیں۔ دنیا بھر میں پھیلے ان پارکس نے LEGO برانڈ کو عالمی ثقافت کا حصہ بنا دیا ہے، اور یہ سفر ابھی جاری ہے۔