ٹیسلا ڈائنر :ایلون مسک کا نیا پراجیکٹ
اسپیشل فیچر
ڈائنر کے باہر دنیا کا سب سے بڑا سپرچارجنگ اسٹیشن بھی قائم کیا گیا ہے
دنیا کے ارب پتی شخص ایلون مسک جو مختلف فیلڈز میں کئی عجیب و غریب اور منفرد مصنوعات متعارف کرا چکے ہیں اب اپنے پہلے ڈائنر کے ساتھ میکڈونلڈز، وینڈی اور آئی ہاپ جیسے ریستورانوں کا مقابلہ کرنے جا رہے ہیں۔ ٹیسلا نے ہالی وڈ میں اپنا پہلا ڈائنر کھول لیا ہے، جہاں مہمانوں کو خوش آمدید کہنے کیلئے روبوٹ موجود ہیں، ڈرائیو اِن سنیما اور سائبر ٹرک ہیپی میلز جیسی سہولیات میسر ہیں۔
ٹیسلا ڈائنر کو ایک ''ریٹرو فیوچرسٹک ڈائنر‘‘ (retro-futuristic diner)اور ڈرائیو اِن چارجنگ کا بہترین تجربہ قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ ڈائنر 250 سے زائد نشستوں پر مشتمل ہے جہاں صارفین 7 سے 10 ڈالر میں مختلف پکوانوں سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔ دوسری طرف، جو افراد چند گھنٹے آرام کرنا چاہتے ہیں، وہ ڈائنر کے باہر موجود دو 66 فٹ چوڑی LED میگا اسکرینز پر فلم دیکھ سکتے ہیں۔ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک صارف کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹیسلا کا اوپٹیمس روبوٹ صارفین کو پاپ کارن پیش کر رہا ہے۔
ٹیسلا کے ترجمان کے مطابق کیلیفورنیا کے شہر ہالی ووڈ میں واقع ٹیسلا ڈائنر ایک سپر چارجنگ اسٹیشن، کلاسک امریکن ڈائنر اور ڈرائیو اِن تجربہ سب کچھ ایک ہی جگہ پر فراہم کرتا ہے۔ ساتھ ہی ٹیسلا اور نان ٹیسلا صارفین دونوں کو چارجنگ کی سہولت فراہم کرتی ہے۔ٹیسلا ڈائنر سانتا مونیکا بلیورڈ پر واقع ہے۔ یہ سڑک ویسٹ ہالی ووڈ سے گزرنے والی اہم شاہراہوں میں سے ایک ہے۔ یہ ڈائنر 24 گھنٹے اور ہفتے کے ساتوں دن کھلا رہتا ہے۔ ایلون مسک کو امید ہے کہ یہ جگہ ٹیسلا اور غیر ٹیسلا ڈرائیورز دونوں کو اپنی جانب متوجہ کرے گی کیونکہ ڈائنر کے باہر دنیا کا سب سے بڑا سپرچارجنگ اسٹیشن قائم کیا گیا ہے، جس میں 80 جدید V4 سپر چارجنگ اسٹالز موجود ہیں۔
ڈائنر کے اندر جگہ کو دو منزلوں میں تقسیم کیا گیا ہے، جس میں مجموعی طور پر 250 سے زائد افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ نچلی منزل میں مرکزی کھانے کی جگہ موجود ہے، جبکہ بالائی منزل، جسے ''اسکائی پیڈ‘‘ (Skypad) کہا جاتا ہے، وہاں سے مہمان لاس اینجلس کا خوبصورت نظارہ کر سکتے ہیں یا بڑی اسکرینوں پر فلموں سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔ ٹیسلا کے مطابق آپ اپنا آرڈر پہلے سے یا موقع پر اپنی گاڑی کی ٹچ اسکرین کے ذریعے دے سکتے ہیں، یا اندر آ کر بیٹھ کر کھا سکتے ہیں۔
مینیو کو چھ حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے جو درج ذیل ہیں،ناشتہ، برگرز و سینڈوچز، بچوں کا مینیو، سائیڈز، میٹھے اور مشروبات۔ناشتے میں ایگ سینڈوچ، بریک فاسٹ ٹاکوز،بسکٹ اور ریڈ گریوی شامل ہیں۔ برگرز اور سینڈوچز میں ٹیسلا برگر، ٹونا میلٹ اور ہاٹ ڈاگ دستیاب ہیں۔ بچوں کیلئے تین مزے دار آپشنز موجود ہیں،گرِلڈ چیز،کڈز برگر اور چکن ٹینڈرز کومبو۔ یہ تمام چیزیں نہایت دلکش سائبر ٹرک کے ڈبے میں پیش کی جاتی ہیں۔ اگر کسی کا کھانے کا موڈ نہ ہو، تو وہ باہر موجود دو بڑی LED میگا اسکرینوں پر فلم دیکھنے کا انتخاب بھی کر سکتے ہیں۔
ٹیسلا کے مطابق صارفین اسکائی پیڈ یا اپنی ٹیسلا گاڑی سے ٹیسلا ڈائنر ایپ کے ذریعے فلم دیکھ سکتے ہیں۔ کون سی فلم چل رہی ہے، اپنی گاڑی کی ٹچ اسکرین سے یہ جان سکتے ہیں۔ آخر میں، روانگی سے قبل مہمان گفٹ شاپ کا رخ کر کے خاص اشیاء بھی خرید سکتے ہیں۔
کوئی خوش تو کوئی ناخوش!
سوشل میڈیا صارفین کی اپنی اپنی رائے
اگرچہ یہ ڈائنر چند روز قبل ہی عوام کیلئے کھولا گیا ہے، مگر سوشل میڈیا پر اس نے بے پناہ توجہ حاصل کر لی ہے۔ ایک صارف نے لکھا ''ایسے ڈائنر تو ہر جگہ ہونے چاہئیں!‘‘۔ ایک اورصارف نے کہا ''یہ اس وقت لاس اینجلس کی سب سے زبردست جگہ ہے۔ میری رائے میں یہ ضرور سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنے گا!‘‘۔
تاہم، ایلون مسک کے اس تازہ ترین منصوبے سے ہر کوئی متاثر نظر نہیں آ رہا۔ایک صارف نے لکھا ''مجھے ان لوگوں کیلئے افسوس ہوتا ہے جو قریبی عمارت میں رہتے ہیں اور جن کا اپنے گھروں سے باہر کچھ بھی دیکھنے کا امکان ختم ہو چکا ہے، کیونکہ اب ان کے سامنے صرف وہ بڑی اسکرینز ہیں جو آپ نے ان کے عین سامنے لگا دی ہیں۔ کھڑکی کھولو تو سامنے بس وہی اسکرین نظر آتی ہے!‘‘۔
ایک اور صارف نے تبصرہ کیا: ''سوچیں اگر آپ ان اپارٹمنٹس میں رہتے ہوں جن کا رخ ڈائنر کی طرف ہے‘‘۔ ایک صارف نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ''خاندان کے ساتھ جانے کی کوشش کی، مگر وہاں سبزیوں پر مبنی کھانے کا کوئی آپشن نہ ہونا، خاص طور پر لاس اینجلس جیسے شہر میں، حیران کن ہے‘‘۔