’’مائیکرو ایکسرسائز‘‘
اسپیشل فیچر
صحت مند رہنے کا آسان اور مؤثر طریقہ
آج کے مصروف دور میں جہاں بیشتر افراد گھنٹوں کمپیوٹر کے سامنے بیٹھ کر کام کرتے ہیں یا طویل وقت تک ایک ہی جگہ پر رہتے ہیں، جسمانی سرگرمی کے لیے وقت نکالنا مشکل ہو گیا ہے۔ ماہرین صحت خبردار کرتے ہیں کہ مسلسل بیٹھے رہنا دل کی بیماریوں، موٹاپے اور پٹھوں کی کمزوری جیسے مسائل کو جنم دے سکتا ہے۔ ایسے میں ''مائیکرو ایکسرسائز‘‘ ایک نئی امید بن کر سامنے آئی ہے۔ یہ مختصر اور ہلکی پھلکی ورزشیں نہ صرف آسان ہیں بلکہ روزمرہ معمولات میں شامل کر کے صحت کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ چند منٹ کی یہ چھوٹی چھوٹی سرگرمیاں خون کی روانی کو بہتر، توانائی کو بحال اور جسم کو متحرک رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
زیادہ تر لوگوں کیلئے صبح سورج نکلنے سے پہلے ورزش کرنا یا دن بھر کی مصروفیات کے ساتھ ساتھ 10 ہزار قدم چلنے کا ہدف پورا کرنا مشکل لگتا ہے، حالانکہ سب جانتے ہیں کہ جسمانی سرگرمی کتنی اہم ہے۔ اب ماہرین کا کہنا ہے کہ آپ بغیر میلوں چلنے کے بھی چلنے کے فوائد حاصل کر سکتے ہیں۔
حقیقت تو یہ ہے کہ صرف 30 سیکنڈ کے مختصر وقفوں میں چلنا، جسے ''مائیکرو واکس‘‘ کہا جا رہا ہے صحت مند رہنے کیلئے کافی ہو سکتا ہے۔ تحقیق سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ یہ سرگرمی لمبی چہل قدمی سے زیادہ مؤثر ثابت ہو سکتی ہے۔مائیکرو واکس سے مراد ہے کہ آپ 10 سے 30 سیکنڈ تک چلیں اور پھر تھوڑا وقفہ لیں، اس کے بعد اگلا مختصر سیشن کریں۔ یہ اتنا آسان بھی ہو سکتا ہے جتنا سیڑھیاں چڑھنا یا دفتر کے گرد ایک چکر لگانا۔
پروسیڈنگز آف دی رائل سوسائٹی بی میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں مختلف وقت کے وقفوں پر چلنے کی افادیت جانچی گئی۔ تحقیق کے دوران رضاکاروں کو یا تو ٹریڈ مل پر چلایا گیا یا مختصر سیڑھیاں چڑھنے کو کہا گیا، جن کا دورانیہ 10 سیکنڈ سے لے کر چار منٹ تک رکھا گیا۔ نتائج سے معلوم ہوا کہ مختصر وقفوں میں چلنے والے افراد نے طویل اور آہستہ واک کرنے والوں کے مقابلے میں 60 فیصد زیادہ توانائی استعمال کی حالانکہ دونوں نے برابر فاصلہ طے کیا تھا۔ جتنی زیادہ توانائی استعمال ہوگی، اتنا ہی میٹابولزم تیز ہوگا اور زیادہ کیلوریز جلیں گی۔ تحقیق کرنے والوں نے نتیجہ اخذ کیا ہے کہ مختصر وقفوں میں چہل قدمی کرنے سے آپ کا میٹابولزم بہتر ہو سکتا ہے اور آپ طویل اور یکساں رفتار سے کی جانے والی چہل قدمی کے مقابلے میں زیادہ کیلوریز جلا سکتے ہیں۔
عالمی سطح پر ہر چار میں سے ایک بالغ فرد کو مطلوبہ جسمانی سرگرمی نہیں ملتی۔ امریکہ میں تقریباً نصف افراد کا وزن زیادہ ہے یا وہ موٹاپے کا شکار ہیںایک اندازے کے مطابق تقریباً 3 لاکھ اموات جسمانی سرگرمی کی کمی اور ناقص غذائی عادات کی وجہ سے ہوتی ہیں۔ڈاکٹر زولیا فراسٹ، جو ریچارج ہیلتھ کی شریک بانی اور کلینیکل ڈائریکٹر ہیں، نے بتایا: ''مائیکرو واکس خاص طور پر ان افراد کیلئے مؤثر ہیں جو زیادہ تر وقت بیٹھے رہتے ہیں،یہ چہل قدمی شروع کرنے کا ایک آسان طریقہ فراہم کرتی ہیں۔ورزش شروع کرنا بعض لوگوں کیلئے بھاری اور خوفناک لگ سکتا ہے، لیکن مائیکرو واکس آپ کو صحت اور فٹنس کی نئی راہ پر ڈال سکتی ہیں، وہ بھی بغیر اس کے کہ آپ کو روزانہ طویل اور وقت طلب ورزش کیلئے وقت نکالنا پڑے۔
ماہر غذائیت البرٹ میتھنی نے ویمنز ہیلتھ کو بتایا کہ اصل بات یہ ہے کہ آپ وہ کریں جو آپ کر سکتے ہیں۔ اگر آپ زیادہ چلنے کے عادی نہیں ہیں اور سوچتے ہیں کہ میں پانچ میل نہیں چل سکتا تو صرف 30 سیکنڈ کے وقفے کر لیجیے، یہ زیادہ قابلِ عمل ہے۔
فوائد
مختصر واکس کے بے شمار فوائد ہیں۔کھانے کے بعد صرف چند منٹ چلنے سے ہاضمہ بہتر ہوتا ہے اور بلڈ شوگر کی سطح کو قابو میں رکھنے میں مدد ملتی ہے۔تحقیق سے ظاہر ہوا ہے کہ دن بھر میں مختصر وقفوں میں چلنے سے کیلوریز زیادہ جلتی ہیں اور میٹابولزم بہتر ہوتا ہے۔
طویل عرصے تک بیٹھے رہنے سے اکڑن، کمر درد اور توانائی کی کمی ہو سکتی ہے۔ہر گھنٹے کے بعد صرف پانچ منٹ چلنے سے خون کی روانی بہتر ہوتی ہے، توجہ بہتر اور تھکن کم ہوتی ہے۔
مختصر چہل قدمی موڈ بہتر کرنے میں بھی مددگار ہے۔ مائیکرو واکس تناؤ کے ہارمونز کو کم کرتی ہیں اور تخلیقی صلاحیتوں کو بڑھاتی ہیں، جس سے کارکردگی میں اضافہ ہوتا ہے۔
تحقیق کے مطابق دن میں 10 ہزار قدم کے بجائے صرف 7 ہزار قدم چلنا بھی ڈیمینشیا، دل کی بیماری اور بعض اقسام کے کینسر کے خطرے کو کم کرنے کیلئے کافی ہے۔
ایک لاکھ 60 ہزار افراد کے ہیلتھ ڈیٹا پر مبنی تحقیق میں بتایا گیا کہ روزانہ 7 ہزار قدم چلنے والوں میںدل کی بیماری کا خطرہ 25 فیصد کم تھا جو امریکہ میں اموات کی سب سے بڑی وجہ ہے۔ڈیمنشیا کے امکانات 38 فیصد کم پائے گئے۔ایسے افراد میں ڈپریشن کا امکان بھی کم تھا جو روزانہ صرف 2 ہزار قدم چلتے تھے۔