2026 میں بہتر زندگی کیلئے8مشورے
اسپیشل فیچر
نئے سال کا آغاز عموماً نئی امیدوں، تازہ ارادوں اور بہتر زندگی کے خوابوں کے ساتھ ہوتا ہے۔ ہر انسان چاہتا ہے کہ آنے والا سال گزشتہ مشکلات، ذہنی دباؤ اور بے چینی کو پیچھے چھوڑ دے۔ تاہم تجربہ بتاتا ہے کہ مثبت تبدیلیوں کا ارادہ کرنا تو آسان ہے مگر ان پر مستقل عمل کرنا ایک کٹھن مرحلہ ثابت ہوتا ہے۔ خوش آئند پہلو یہ ہے کہ جدید سائنسی تحقیق ہمیں ایسے عملی اور مؤثر طریقے فراہم کرتی ہے جو واقعی ہماری ذہنی کیفیت، جذباتی توازن اور مجموعی صحت کو بہتر بنا سکتے ہیں۔
کمال پسندی کی زنجیر توڑیں
کامل دکھائی دینے کی خواہش بظاہر ایک خوبی محسوس ہوتی ہے مگر نفسیاتی تحقیق کے مطابق یہ رویہ ذہنی دباؤ، اضطراب اور افسردگی کو جنم دیتا ہے۔ کمال پسند افراد اپنے لیے ناقابلِ حصول معیار مقرر کر لیتے ہیں اور معمولی لغزش پر خود کو سخت ملامت کا نشانہ بناتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق اس خودساختہ اذیت سے بچنے کا مؤثر طریقہ خود سے نرمی اور شفقت کا رویہ اپنانا ہے۔ غلطیوں کو انسانی فطرت کا حصہ سمجھا جائے اور یہ تسلیم کیا جائے کہ نامکمل ہونا ہی انسان ہونے کی اصل پہچان ہے۔
دوستی میں خلوص اور استحکام
سائنس یہ کہتی ہے کہ مضبوط سماجی رشتے نہ صرف ذہنی بلکہ جسمانی صحت کے لیے بھی ناگزیر ہیں۔ مخلص دوستیاں مدافعتی نظام کو مضبوط کرتی اور دل کے امراض کے خطرات کو کم کرتی ہیں۔ تاہم اس کے لیے ضروری ہے کہ ہم خود بھی دوسروں کے لیے سہارا بنیں۔ دوسروں کی کامیابی پر خلوص دل سے خوش ہونا ان کی بات غور سے سننا اور مثبت ردعمل دینا تعلقات میں گرمجوشی اور اعتماد کو فروغ دیتا ہے۔
سماجی مشاغل اپنائیں
نیا شوق یا سرگرمی اختیار کرنا محض وقت گزارنے کا ذریعہ نہیں بلکہ ذہنی سکون کا مؤثر وسیلہ بھی ہے۔ مصوری، موسیقی، کھیل یا کوئی سماجی سرگرمی انسان کو تنہائی کے خول سے نکال کر سماج سے جوڑ دیتی ہے۔ تحقیق بتاتی ہے کہ مشترکہ مقصد کے تحت کی جانے والی سرگرمیاں انسانوں کے درمیان قربت پیدا کرتی ہیں اور جسمانی مشقت کو بھی خوشگوار بنا دیتی ہیں۔
غصے کو تعمیری قوت میں بدلیں
غصہ بلاشبہ ایک شدید اور خطرناک جذبہ ہو سکتا ہے لیکن اگر اسے بروقت پہچان لیا جائے تو یہی جذبہ تعمیری طاقت میں ڈھل سکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق غصے کو دبانے کے بجائے اسے مثبت سرگرمیوں جیسے ورزش، تخلیقی کام یا کسی بامقصد جدوجہد میں صرف کرنا زیادہ مفید ہے۔ شرط یہ ہے کہ جذبات کے اظہار میں ضبط اور حکمت کو ملحوظ رکھا جائے۔
شکرگزاری کو معمول بنائیں
روزانہ چند لمحے نکال کر زندگی کی اچھی باتوں پر غور کرنا ذہنی صحت پر حیرت انگیز اثرات مرتب کرتا ہے۔ سائنسی مطالعات کے مطابق روزانہ تین نعمتوں یا خوشگوار لمحات کو قلم بند کرنے سے خوشی میں اضافہ اور افسردگی میں نمایاں کمی آتی ہے۔ یہ عادت انسان کی توجہ محرومیوں سے ہٹا کر موجود نعمتوں کی طرف مبذول کرتی ہے۔
موبائل فون سے فائدہ اٹھائیں
جدید دور میں سمارٹ فون ذہنی انتشار کی بڑی وجہ بن چکا ہے تاہم درست اور شعوری استعمال سے یہی آلہ کارآمد ثابت ہو سکتا ہے۔ غیر ضروری اطلاعات کو محدود کرنا، یادداشت محفوظ کرنے کے لیے نوٹس کا استعمال اور سکرین کے استعمال کو نظم و ضبط میں لانا توجہ، یادداشت اور ذہنی سکون میں بہتری لا سکتا ہے۔ کبھی کبھار فون سے مکمل لاتعلقی بھی ذہن کو تازگی بخشتی ہے۔
سردیوں سے ہم آہنگی پیدا کریں
سردیوں کے چھوٹے دن اور طویل راتیں کئی افراد کو اداسی اور سستی میں مبتلا کر دیتی ہیں مگر تحقیق سے معلوم ہوتا ہے کہ اگر موسمِ سرما کے حسن ،قدرتی مناظر، گھریلو محفلوں اور سکون بھرے لمحات کو مثبت نظر سے دیکھا جائے تو ذہنی کیفیت بہتر ہو سکتی ہے۔ یوں سردی کو بوجھ کے بجائے موقع سمجھا جا سکتا ہے۔
مختصر قیلولہ، بڑی توانائی
دن کے اوقات میں مختصر نیند ذہنی کارکردگی کو فوری طور پر بہتر بنا سکتی ہے۔ تحقیق کے مطابق 10 سے 20 منٹ کا قیلولہ دماغی تازگی اور توجہ میں نمایاں اضافہ کرتا ہے۔ البتہ اس کا درست وقت اور دورانیہ اہم ہے تاکہ رات کی نیند متاثر نہ ہو۔یاد رکھیں کہ خوشی کوئی اتفاقی لمحہ نہیں بلکہ شعوری طرزِ زندگی کا نتیجہ ہے۔ اگر ہم سائنسی تحقیقات کی روشنی میں ان سادہ مگر مؤثر عادات کو روزمرہ زندگی کا حصہ بنا لیں تو نیا سال نہ صرف ذہنی سکون بلکہ ایک متوازن اور بامقصد زندگی کی نوید بن سکتا ہے۔