سنہری مسجد
اسپیشل فیچر
مغلیہ عہدِ زوال میں تعمیر ہونے والا شاہکار
لاہور کے قدیم فصیل بند شہر کی گلیوں اور بازاروں میں جا بجا تاریخی عمارتیں ملتی ہیں مگر سنہری مسجد اپنی منفرد شناخت اور دلکش طرزِ تعمیر کے باعث خاص مقام رکھتی ہے۔ کشمیری بازار کے چوک میں واقع یہ مسجد مغلیہ عہد کے آخری دور کے فنِ تعمیر کا ایک اہم نمونہ سمجھی جاتی ہے۔ سنہری مسجد کی تعمیر اس وقت ہوئی جب مغلیہ سلطنت اپنے زوال کی جانب گامزن تھی، اسی لیے اس کی ساخت اور انداز میں روایتی مغل طرزِ تعمیر کے ساتھ ایک مختلف جمالیاتی رجحان بھی نظر آتا ہے۔
تعمیر کا پس منظر
سنہری مسجد کی تعمیر 1753ء میں نواب بھکاری خان نے کروائی جو اُس زمانے میں لاہور کے ایک سرکاری عہدیدار تھے اور گورنر میر معین الملک المعروف میر منوں کے دورِ حکومت میں خدمات انجام دیتے رہے تھے۔ یہ مسجد ایسے مقام پر تعمیر کی گئی جہاں ایک سڑک دو حصوں میں تقسیم ہوتی تھی اور اس وقت یہ جگہ کشمیری بازار کے چوک میں ایک خالی قطعہ زمین تھی۔اس مقام کی اہمیت اور مصروفیت کے باعث مسجد کی تعمیر کے حوالے سے مقامی حکام کو خدشہ تھا کہ چوک میں عمارت کی تعمیر سے آمدورفت میں خلل پیدا ہوگا۔ اسی وجہ سے نواب بھکاری خان کو علماسے خصوصی فتویٰ حاصل کرنا پڑا تاکہ اس جگہ مسجد کی تعمیر کو مذہبی اور سماجی جواز فراہم کیا جا سکے۔
اس واقعے سے اس دور کے شہری نظم و نسق اور مذہبی حساسیت کا اندازہ بھی ہوتا ہے۔سنہری مسجد لاہور کے تاریخی بازاروں کے مرکز میں واقع ہے، جو اسے ایک منفرد شہری شناخت عطا کرتی ہے۔ عام طور پر مساجد کھلے اور وسیع مقامات پر تعمیر کی جاتی تھیں مگر یہ مسجد ایک مصروف تجارتی مرکز میں واقع ہونے کی وجہ سے خاص اہمیت رکھتی ہے۔فصیل بند شہر کے ہنگامہ خیز ماحول، تنگ گلیوں اور قدیم بازاروں کے درمیان اس مسجد کا وجود اس بات کی علامت ہے کہ مذہبی اور سماجی زندگی شہر کے قلب میں ہی پروان چڑھتی تھی۔ مسجد کا محلِ وقوع اسے صرف عبادت گاہ ہی نہیں بلکہ ایک تاریخی و ثقافتی نشانی کی اہمیت بھی دلاتا ہے۔
طرزِ تعمیر اور فنی خصوصیات
سنہری مسجد کا طرزِ تعمیر مغلیہ فنِ تعمیر سے متاثر ضرور ہے مگر اس میں روایتی مغل ڈیزائن کی کلاسیکی ہم آہنگی نسبتاً کم اور تزئین و آرائش کا ایک منفرد انداز زیادہ نمایاں نظر آتا ہے۔ مسجد کے گنبد سنہری رنگ کے باعث خاص توجہ حاصل کرتے ہیں جن کی وجہ سے اسے سنہری مسجد کہا جاتا ہے۔مسجد کے تین گنبد اور بلند مینار اس کی بیرونی خوبصورتی میں اضافہ کرتے ہیں جبکہ داخلی حصے میں محرابوں اور نقش و نگار کی سادہ مگر دلکش آرائش دکھائی دیتی ہے۔ یہ مسجد اگرچہ بادشاہی مسجد جیسی عظیم الشان نہیں مگر اپنی نفاست اور مقامی شہری انداز کے باعث ایک منفرد تعمیراتی شناخت رکھتی ہے۔تاہم معروف ماہرِ تعمیرات کامل خان ممتازنے سنہری مسجد کے طرزِ تعمیر پر تبصرہ کرتے ہوئے اسے مغلیہ فنِ تعمیر کی اصل روح سے انحراف قرار دیا ہے۔ ان کے مطابق قریب سے جائزہ لینے پر اس مسجد میں مغلیہ طرز کے عناصر میں بگاڑ واضح نظر آتا ہے۔وہ لکھتے ہیں کہ گنبدوں کی ساخت روایتی مغل گنبدوں کے بجائے غیر معمولی حد تک ابھری ہوئی ہے، جبکہ دیگر تزئینی عناصر میں بھی ایک غیر روایتی انداز جھلکتا ہے۔ ان کے مطابق دیواروں کی کنگریاں(merlons) سانپ کے پھنے جیسی شکل اختیار کر چکی ہیں اور ستونوں کے ڈیزائن میں نباتاتی اشکال کا غلبہ نظر آتا ہے۔یہ تنقید اس بات کی طرف اشارہ کرتی ہے کہ مغلیہ سلطنت کے آخری دور میں فنِ تعمیر کی کلاسیکی سادگی اور توازن کمزور پڑنے لگا اور اس کی جگہ نمائشی انداز نے لے لی۔
مغلیہ عہد کے زوال کی عکاسی
سنہری مسجد کی تعمیر کا زمانہ مغلیہ سلطنت کے زوال کا دور تھا جس کا اثر فنِ تعمیر پر بھی واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ اگر ہم اس کا موازنہ بادشاہی مسجد سے کر یں تو فرق نمایاں نظر آتا ہے۔ بادشاہی مسجد میں جہاں تناسب، وسعت اور شاہانہ وقار نمایاں ہے وہیں سنہری مسجد میں محدود جگہ، نسبتاً چھوٹے پیمانے اور تزئینی عناصر کی کثرت دکھائی دیتی ہے۔یہ فرق اس بات کی علامت ہے کہ مغلیہ دور کے آخری مرحلے میں وسائل، سیاسی استحکام اور تعمیراتی معیار میں نمایاں تبدیلی آ چکی تھی۔
ثقافتی اور مذہبی اہمیت
سنہری مسجد محض ایک تاریخی عمارت نہیں بلکہ آج بھی ایک فعال عبادت گاہ ہے جہاں نمازی بڑی تعداد میں آتے ہیں۔ کشمیری بازار اور اندرونِ لاہور کے تاجر اور مقامی افراد اس مسجد سے گہرا روحانی تعلق رکھتے ہیں۔رمضان المبارک اور جمعہ کے اجتماعات کے دوران اس مسجد کا ماحول روح پرور ہو جاتا ہے۔ ہے۔آج کے دور میں سنہری مسجد لاہور کے اہم تاریخی ورثے کا حصہ ہے اور سیاحوں، محققین اور فوٹو گرافروں‘ ویڈیو گرافروں کے لیے خاص کشش رکھتی ہے۔ چونکہ محققین اور فوٹوگرافروں (خصوصاً تاریخی فنِ تعمیر میں دلچسپی رکھنے والوں) کے لیے یہ مسجد ایک اہم موضوع ہے اس لیے اس کی دستاویزی اہمیت بھی بڑھ جاتی ہے۔