آج کا دن
اسپیشل فیچر
فرانس کا اعلان جنگ
1792ء میں فرانس نے ہنگری اور بوہیمیا کے بادشاہ کیخلاف جنگ کا اعلان کیا، جو دراصل انقلاب فرانس کا آغاز تھا۔ یہ اعلان اس وقت کیا گیا جب فرانس میں نئی حکومت اپنے نظریات کو یورپ میں پھیلانا چاہتی تھی۔ اس جنگ کا مقصد بادشاہتوں کیخلاف جدوجہد اور انقلابی اصولوں کا دفاع تھا۔ اس کے نتیجے میں یورپ میں خونریز لڑائیوں کا سلسلہ شروع ہوا، جس نے پورے براعظم کی سیاسی صورتحال کو بدل کر رکھ دیا۔
سانحہ بھوجا ایئر لائن
20 اپریل 2012ء کو افسوسناک فضائی حادثہ ''سانحہ بھوجا ایئر لائن‘‘ پیش آیا۔ اس حادثے میں بھوجا ایئر کی پرواز بی4-213 اسلام آباد کے قریب گر کر تباہ ہو گئی۔ اسے ملکی تاریخ کا دوسرا بڑا فضائی حادثہ قرار دیا گیا، جس میں 129افراد ہلاک ہوئے۔طیارہ خراب موسم، آندھی اور گرج چمک کے دوران لینڈنگ کی کوشش کر رہا تھا جب یہ اسلام آباد کے قریب زمین سے ٹکرا گیا اور آگ بھڑک اٹھی۔
خلائی گاڑی کی چاند پر لینڈنگ
1972 میں اپالو16کے تحت خلائی گاڑی نے چاند کی سطح پر کامیاب لینڈنگ کی۔ اس تاریخی مشن کی قیادت جان ینگ کر رہے تھے۔ ناسا کے اس پروگرام کا مقصد چاند کی سطح کا مزید تفصیلی مطالعہ کرنا تھا۔ اس دوران خلا بازوں نے چاند پر مختلف سائنسی تجربات کیے، پتھروں کے نمونے جمع کیے اور قمری ماحول کے بارے میں قیمتی معلومات حاصل کیں، جس سے خلائی تحقیق میں نمایاں پیش رفت ہوئی۔
''لڈ لو‘‘ قتل عام
لڈلو قتل عام کولوراڈو کول فیلڈ جنگ کے دوران اینٹی اسٹرائیکر ملیشیا کے ذریعہ کیا گیا۔ کولوراڈو نیشنل گارڈ کے سپاہیوں اور کولوراڈو فیول اینڈ آئرن کمپنی کے گارڈز نے 20 اپریل 1914ء کو کولوراڈو میں تقریباً 1200 سے زائد ہڑتال پر بیٹھے کوئلے کی کان میں کام کرنے والے مزدوروں اور ان کے خاندانوں کی ایک خیمہ کالونی پر حملہ کر دیا۔ تقریباً 21 افرادمارے گئے۔ کولوراڈو کمپنی کے مالک جان ڈی راکفیلر جونیئر پر اس قتل عام کو منظم کرنے کا الزام لگایا گیا ۔
سیپٹنسولر جمہوریہ
1800ء میں آج کے دن سیپٹنسولر جمہوریہ کا قیام عمل میں آیا۔ یہ اس وقت ہوا جب روس اور عثمانی سلطنت کے بحری بیڑے نے ان جزائر پر قبضہ کر لیا اور فرانسیسی جمہوریہ کی دو سالہ حکمرانی ختم کر دی گئی۔ اگرچہ جزیرے کے باشندوں نے امید کی تھی کہ انہیں مکمل آزادی حاصل ہو جائے گی لیکن نئی ریاست کو صرف خود مختاری دی گئی اور ساتھ ہی اسے عثمانی سر پرستی میں بھی دے دیا گیا۔ 1807ء میں اسے فرانسیسی سلطنت کے حوالے کر دیا گیا تھا۔
جانسن اسپیس سینٹر پر فائرنگ
جانسن اسپیس سینٹر میں فائرنگ کا واقعہ20 اپریل 2007ء میں پیش آیا۔ یہ واقعہ ہوسٹن ٹیکساس میں موجود امریکہ کے خلائی تحقیقاتی ادارے کے جانسن کی عمارت میں پیش آیا۔ایک ملازم ولیم فلپس نے اپنے ساتھی کو گولی مار کردوسرے کو تیں گھنٹے سے زائد یرغمال بنائے رکھا۔اس کے بعدولیم نے خودکشی کر لی۔ پولیس کی جانب سے کی گئی تحقیقات میں سامنے آیا کہ ولیم کی خراب کارکردگی کی وجہ سے ادارہ اس سے خوش نہیں تھا اور اسے نوکری سے نکالے جانے کا ڈر تھا۔