آج کا دن
اسپیشل فیچر
ترکی کی جنگِ آزادی کا آغاز
19 مئی 1919ء جدید ترکی کی تاریخ کا ایک اہم دن سمجھا جاتا ہے۔ اسی روزمصطفی کمال اتا ترک سامسون شہر پہنچے اور ترکی کی جنگِ آزادی کی عملی بنیاد رکھی۔ پہلی جنگِ عظیم میں سلطنتِ عثمانیہ کی شکست کے بعد اتحادی طاقتوں نے ترک علاقوں پر قبضے شروع کر دیے تھے۔مصطفی کمال اتاترک کو ابتدا میں عثمانی حکومت نے علاقے میں امن قائم کرنے کے لیے بھیجا تھا مگر انہوں نے اس موقع کو قومی مزاحمت میں بدل دیا۔ سامسون پہنچنے کے بعد انہوں نے ترک قوم کو متحد کرنے، مقامی مزاحمتی تحریکوں کو منظم کرنے اور بیرونی قبضے کے خلاف جدوجہد شروع کی۔ یہی تحریک بعد میں ترکی کی جنگِ آزادی میں تبدیل ہوئی۔اس جدوجہد کے نتیجے میں 1923ء میں جدید جمہوریہ ترکی قائم ہوئی اور خلافتِ عثمانیہ کا خاتمہ ہوگیا۔
این بولین کی پھانسی
19 مئی 1536ء انگلستان کی شاہی تاریخ کے سب سے متنازع واقعات میں شمار ہوتا ہے۔ اسی روز انگلستان کے بادشاہ ہنری ہشتم کی دوسری ملکہ این بولین کو ٹاور آف لندن میں سزائے موت دی گئی۔ این بولین پر غداری اور ناجائز تعلقات جیسے سنگین الزامات عائد کیے گئے تھے، تاہم کئی مؤرخین ان الزامات کو سیاسی سازش قرار دیتے ہیں۔ہنری ہشتم پہلے کیتھرین آف آراگون سے شادی شدہ تھا مگر اس سے مرد وارث نہ ملنے کے باعث وہ این بولین سے شادی کرنا چاہتا تھا۔ جب پوپ نے پہلی شادی ختم کرنے کی اجازت نہ دی تو ہنری نے رومن کیتھولک چرچ سے علیحدگی اختیار کر لی اور چرچ آف انگلینڈ قائم کر دیا۔این بولین ملکہ تو بن گئیں مگر وہ بھی بادشاہ کو مطلوب مرد وارث نہ دے سکیں۔
جان فرینکلن کی قطبی مہم
19 مئی 1845ء کو برطانوی مہم جو جان فرینکلن اپنی مشہور مگر المناک آرکٹک مہم پر روانہ ہوئے۔ ان کا مقصد شمال مغربی بحری راستہ تلاش کرنا تھا جو بحرِ اوقیانوس اور بحرالکاہل کو شمالی امریکہ کے اوپر سے ملاتا تھا۔ اس مہم کے لیے دو جہاز، ایریبس اور ٹیریر استعمال کیے گئے۔اس دور میں برطانیہ دنیا کی سب سے بڑی بحری طاقت تھا اور نئی تجارتی گزرگاہوں کی تلاش انتہائی اہم سمجھی جاتی تھی۔ فرینکلن کی مہم کو جدید سازوسامان سے لیس کیا گیا تھا اور ابتدا میں اسے ایک عظیم سائنسی مہم قرار دیا گیا۔ تاہم کچھ عرصے بعد ان دونوں جہازوں کا رابطہ دنیا سے منقطع ہوگیا۔کئی سال تک ان جہازوں اور عملے کی تلاش جاری رہی۔ بعد میں معلوم ہوا کہ جہاز برف میں پھنس گئے تھے اور شدید سردی، بھوک اور بیماری نے پورے عملے کو ہلاک کر دیا۔
آسکر وائلڈ کی رہائی
19 مئی 1897ء کو آئرلینڈ سے تعلق رکھنے والے مشہور ادیب، شاعر اور ڈرامہ نگار آسکر وائلڈ کو برطانیہ کی ریڈنگ جیل سے رہائی ملی۔آسکر وائلڈ نےThe Importance of Being Earnest اورThe Picture of Dorian Gray جیسی شاہکار تخلیقات لکھیں۔ ان کی تحریروں میں طنز، ذہانت اور سماجی منافقت پر گہری تنقید پائی جاتی تھی۔ 1895ء میں ان پر غیراخلاقی رویے کے الزامات لگائے گئے، جو اُس زمانے میں برطانیہ کے سخت سماجی اور قانونی نظام کے تحت جرم تصور کیے جاتے تھے۔ مقدمے کے بعد انہیں دو سال قیدِ مشقت کی سزا سنائی گئی۔جیل میں ان کی زندگی انتہائی مشکل رہی۔ اسی دوران انہوں نے اپنی مشہور تحریرDe Profundis لکھی جس میں انہوں نے اپنے دکھ، روحانی خیالات اور انسانی رویوں پر گہری گفتگو کی۔
مارلن منرو کی تاریخی پرفارمنس
19 مئی 1962ء کو امریکی اداکارہ مارلن منرو نے امریکی صدرجے ایف کینیڈی کی سالگرہ کی تقریب میںHappy Birthday, Mr. President گا کر ایک ایسا لمحہ پیدا کیا جو امریکی ثقافت کی تاریخ میں امر ہوگیا۔یہ تقریب نیویارک کے میڈیسن سکوائر گارڈن میں منعقد ہوئی جہاں ہزاروں افراد موجود تھے۔ مارلن منرو نے چمکتے ہوئے مخصوص لباس میں انتہائی منفرد انداز میں یہ گیت پیش کیا۔ ان کی آواز، انداز اور پرفارمنس نے دنیا بھر کی توجہ حاصل کی۔ یہ تقریب محض ایک سالگرہ نہیں رہی بلکہ امریکی پاپ کلچر کی علامت بن گئی۔اس واقعے کی ایک وجہ یہ بھی تھی کہ اس زمانے میں مارلن منرو اور جان ایف کینیڈی کے تعلقات کے بارے میں افواہیں گردش کر رہی تھیں۔ اسی لیے یہ پرفارمنس سیاسی اور سماجی حلقوں میں مزید مشہور ہوگئی۔