آج کا دن
اسپیشل فیچر
پیرو کی آزادی
28 جولائی 1821 کو جنوبی امریکہ کے ملک پیرو نے ہسپانوی سلطنت سے اپنی آزادی کا اعلان کیا۔ اس تاریخی اعلان کی قیادت جنرل خوسے دے سان مارٹن نے لیما میں کی۔ اگرچہ آزادی کی جدوجہد کئی برس پہلے شروع ہو چکی تھی لیکن 28 جولائی کو پہلی مرتبہ پیرو کو آزاد ریاست قرار دیا گیا۔ پیرو کی آزادی صرف ایک ملک کی کامیابی نہیں تھی بلکہ پورے لاطینی امریکہ میں نوآبادیاتی نظام کے خاتمے کی تحریک کا اہم حصہ تھی۔ اس کے نتیجے میں ہسپانوی اقتدار بتدریج جنوبی امریکہ سے ختم ہونے لگا اور متعدد نئی آزاد ریاستیں وجود میں آئیں۔ 28 جولائی پیرو میں یومِ آزادی کے طور پر منایا جاتا ہے۔
پہلی جنگِ عظیم کا آغاز
28 جولائی 1914ء کو آسٹریا۔ہنگری نے سربیا کے خلاف جنگ کا اعلان کیا جسے پہلی جنگِ عظیم کا باقاعدہ آغاز سمجھا جاتا ہے۔ اس سے ایک ماہ قبل 28 جون 1914ء کو آسٹریا کے ولی عہد آرچ ڈیوک فرانز فرڈینینڈ کو بوسنیا کے شہر سرائیوو میں قتل کر دیا گیا تھا۔ اس قتل کے بعد آسٹریا۔ہنگری نے سربیا کو سخت شرائط پر مشتمل الٹی میٹم دیا۔ اگرچہ سربیا نے بیشتر شرائط قبول کر لیں لیکن تمام مطالبات نہ ماننے پر آسٹریا۔ہنگری نے 28 جولائی کو جنگ چھیڑ دی۔ جلد ہی یورپ کے مختلف ممالک اس تنازع میں شامل ہو گئے۔ جرمنی آسٹریا۔ہنگری کے ساتھ جبکہ روس، فرانس اور بعد میں برطانیہ سربیا کے حامی بن گئے۔ یہ علاقائی تنازع چند ہی دنوں میں عالمی جنگ میں تبدیل ہو گیا۔
ناسا کا قیام
28 جولائی 1958ء کو امریکی کانگریس نے نیشنل ایروناٹکس اینڈ سپیس ایکٹ منظور کیا جس کے تحت بعد میں ناساکا قیام عمل میں آیا۔ یہ اقدام سوویت یونین کی جانب سے 1957ء میں سپوتنک سیٹلائٹ کی کامیاب لانچ کے بعد کیا گیا۔ اس قانون کے ذریعے مختلف سرکاری اداروں کی خلائی تحقیق کو ایک مرکزی ادارے کے تحت منظم کیا گیا۔ ناسا نے یکم اکتوبر 1958 ء سے باضابطہ کام شروع کیا۔ آنے والے برسوں میں ناسا نے مرکری، جیمینائی اور اپولو پروگرام شروع کیے جن کی بدولت 1969 میں انسان پہلی مرتبہ چاند پر پہنچا۔ بعد ازاں خلائی شٹل پروگرام، ہبل خلائی دوربین، مریخ پر بھیجے گئے متعدد مشنز، جیمز ویب اسپیس ٹیلی سکوپ اور بین الاقوامی خلائی اسٹیشن جیسے منصوبوں میں بھی ناسا نے کلیدی کردار ادا کیا۔
ایمسٹرڈیم اولمپکس
28 جولائی 1928 کو نیدرلینڈز کے شہر ایمسٹرڈیم میں نویں جدید اولمپک کھیلوں کا افتتاح ہوا۔ یہ اولمپکس کئی حوالوں سے تاریخی اہمیت رکھتے ہیں۔ پہلی مرتبہ خواتین کو ایتھلیٹکس اور جمناسٹکس کے کئی مقابلوں میں باقاعدہ شرکت کا موقع ملا۔ اسی اولمپکس میں پہلی مرتبہ افتتاحی تقریب کے دوران اولمپک مشعل روشن رکھنے کی روایت بھی اختیار کی گئی۔ ایمسٹرڈیم اولمپکس نے یہ ثابت کیا کہ کھیل مختلف قوموں کو ایک پلیٹ فارم پر لا کر امن، دوستی اور باہمی احترام کو فروغ دے سکتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ 1928 کے اولمپکس جدید اولمپک تاریخ کا ایک اہم سنگ میل تصور کیے جاتے ہیں۔
آئرش مسلح جدوجہدکا خاتمہ
28 جولائی 2005ء کو آئرش ریپبلکن آرمی (IRA) نے تقریباً تین دہائیوں پر محیط اپنی مسلح جدوجہد ختم کرنے اور صرف پرامن و جمہوری ذرائع اختیار کرنے کا اعلان کیا۔ شمالی آئرلینڈ میں کئی برس تک جاری رہنے والے تشدد، بم دھماکوں اور مسلح کارروائیوں نے ہزاروں افراد کی جانیں لیں۔ 1998 کے گڈ فرائیڈے معاہدے کے بعد امن عمل کا آغاز ہو چکا تھا لیکن 2005ء کا یہ اعلان اس عمل میں ایک انتہائی اہم پیش رفت ثابت ہوا۔ تنظیم نے اپنے ارکان کو ہدایت دی کہ وہ ہتھیاروں کے استعمال سے مکمل اجتناب کریں اور تمام سیاسی مقاصد صرف جمہوری طریقوں سے حاصل کیے جائیں۔ بعد ازاں بین الاقوامی مبصرین نے IRA کے ہتھیار ناکارہ بنانے کے عمل کی تصدیق بھی کی۔