دیو ہیکل سبزیاں
اسپیشل فیچر
انگلینڈ میں منفرد مقابلہ، غیر معمولی حجم اور وزن والی سبزیاں توجہ کا مرکز
سبزیوں کا شمار عام طور پر روزمرہ خوراک کا حصہ سمجھا جاتا ہے، لیکن برطانیہ کے شہر مالورن میں ہونے والا ایک منفرد مقابلہ انہیں غیر معمولی شہرت بخش دیتا ہے۔ یہاں کاشت کار اور شوقیہ باغبان ایسی سبزیاں اگانے کیلئے برسوں محنت کرتے ہیں جو اپنے غیر معمولی حجم اور وزن کے باعث دیکھنے والوں کو حیران کر دیتی ہیں۔ دیوہیکل کدو، گاجر، گوبھی اور دیگر سبزیوں کی نمائش نہ صرف باغبانی کے شوق کی عکاسی کرتی ہے بلکہ محنت، تجربے اور قدرت کے ساتھ انسان کے تعلق کو بھی اجاگر کرتی ہے۔ اس سال بھی مالورن میں کئی ''دیوہیکل سبزیوں‘‘ نے سبقت حاصل کی ہے۔
برطانیہ میں خزاں کا موسم آچکا ہے اور کینا یو کے نیشنل جائنٹ ویجیٹیبلز چیمپئن شپ کا وقت آگیا ہے۔یہ انتہائی متوقع مقابلہ ایک دہائی سے زائد عرصے سے مالورن آٹمن شو میں منعقد کیا جا رہا ہے۔ ہر سال ہزاروں افراد اس غیر معمولی جسامت کی سبزیوں کو دیکھنے کیلئے اس شو کا رخ کرتے ہیں۔ 25 سے 27 ستمبر تک منعقد ہونے والے اس سال کے مقابلے میں آنے والے شائقین کو مایوسی کا سامنا نہیں کرنا پڑا، کیونکہ ہفتے کے اختتام پر پانچ باغبانوں کی اگائی ہوئی مجموعی طور پر سات غیر معمولی جسامت کی سبزیوں اور پھلوں نے عالمی ریکارڈ قائم کرنے کی تصدیق حاصل کی۔
یہ سات ریکارڈ توڑنے والی سبزیوں اور پودوں میں ایک دیوہیکل چقندر بھی شامل تھا، جس کا ریکارڈ 2019ء سے ناقابلِ شکست چلا آ رہا تھا۔ اس کے علاوہ بٹرنٹ اسکواش کی ایک انتہائی طویل قسم ''ٹرومبونچینو‘‘ بھی شامل تھی، جبکہ شاید بہت سے لوگوں کیلئے سب سے حیران کن چیز وہ پودا تھا جسے عام طور پر باغیچے کی ایک ناپسندیدہ جڑی بوٹی سمجھا جاتا ہے۔
اتنی بڑی تعداد میں ریکارڈ قائم ہونا اس لحاظ سے بھی خاصا متاثر کن ہے کہ رواں موسمِ گرما کے دوران برطانیہ کو کئی مرتبہ طویل اور شدید گرمی کی لہروں کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم، ثابت قدم باغبانوں سے گفتگو کی جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ انہوں نے اس انتہائی موسم کا بھی حوصلے اور ثابت قدمی سے مقابلہ کیا۔
مقابلے میں شامل تمام امیدواروں کی چیف جج اور گنیز ورلڈ ریکارڈز کے دیوہیکل سبزیوں کے ماہر سیباسٹین سوسکی نے انتہائی باریک بینی سے جانچ پڑتال کی۔ انہوں نے ہر زمرے کے مقررہ قواعد کے مطابق شرائط پوری ہونے کی تصدیق کی، جس کے بعد سبزیوں اور پودوں کی پیمائش اور وزن کرنے کا اہم مرحلہ مکمل کیا گیا۔گنیز ورلڈ ریکارڈز کے نمائندے بھی موقع پر موجود تھے۔ انہوں نے کامیاب نمونوں کا قریب سے معائنہ کیا اور ان کے کاشت کاروں کو سرٹیفکیٹس پیش کیے۔
کیون فورٹی، جنہیں ''مسٹر جائنٹ ویج‘‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، اس سال ان دو کاشت کاروں میں شامل تھے جنہوں نے دو، دو عالمی ریکارڈ اپنے نام کیے۔ دوسرے کاشت کار ونسنٹ سجوڈن تھے۔ کیون فورٹی کے خاندان میں دیوہیکل سبزیاں اگانے کی روایت تین نسلوں سے چلی آ رہی ہے اور اب تک خاندان کے افراد مجموعی طور پر 17 عالمی اعزازات اپنے نام کر چکے ہیں۔فورٹی کا کہنا ہے کہ ان کی نگاہیں 20 عالمی ریکارڈز کا سنگ میل عبور کرنے پر ہیں۔
سب سے پہلے فورٹی نے سب سے بھاری لوفا کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔ لوفا ایک بیل دار گرم خطے کا پودا ہے، جس کے خشک ہونے کے بعد اس کے پھل کو عموماً باتھ روم میں استعمال ہونے والے قدرتی اسفنج کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ فورٹی نے ایک بالکل نئے زمرے میں بھی پہلا عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا، جو سب سے لمبی ٹرومبونچینو کا تھا۔ شمالی اٹلی سے تعلق رکھنے والی یہ لمبی اور خمدار اسکواش کی زیادہ سے زیادہ لمبائی حاصل کرنے کیلئے باغبان کے سامنے اصل چیلنج یہ تھا کہ پھل کو سیدھا رکھا جائے۔ ٹرومبونچینو بھی بحیرہ روم کے خطے کی ایک ایسی سبزی ہے جو گزشتہ چند برسوں کے دوران برطانیہ کے باغبانوں میں تیزی سے مقبول ہوئی ہے۔
2026ء میں عالمی ریکارڈ کیلئے ایک اور نیا زمرہ سب سے لمبی ڈینڈیلائن کی جڑ کا متعارف کرایا گیا۔ اگرچہ مقابلے میں نمائش کیلئے پیش کی جانے والی دیگر سبزیوں کے مقابلے میں ڈینڈیلائن شاید زیادہ معروف نہ ہو، تاہم حقیقت یہ ہے کہ اس پودے کے تمام حصے قابلِ خوراک ہیں۔ اس کے پتے اور پھول سلاد میں استعمال کیے جاتے ہیں، جبکہ جڑ کو چائے کا ذائقہ بڑھانے کیلئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اسے بھون کر کافی کے متبادل کے طور پر بھی استعمال کیا جاتا ہے۔
واروک شائر سے تعلق رکھنے والے طویل عرصے سے باغبانی کے شعبے سے وابستہ ماہر اور یوٹیوبر ٹیری کنگ کئی برسوں سے عالمی ریکارڈ قائم کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ بالآخر اپنا پہلا گنیز ورلڈ ریکارڈ کا اعزاز حاصل کرنا ان کیلئے ایک خواب پورا ہونے کے مترادف تھا۔