لاہور لائنز کیخلاف واپڈا کی اننگز 542/6 پر ڈیکلیئرڈ

محمد سعد کی سنچری ، عدنان رئیس کی عمدہ بیٹنگ، رنز کے پہاڑ کے مقابلے میںمیزبان ٹیم کا پُر اعتماد آغاز، کراچی ڈولفنز کی پورٹ قاسم پر معمولی برتری، فضل سبحان کی ففٹی
سوئی ناردرن گیس کی ٹیم کے پانچ وکٹوں پر 105رنز، پشاورکے میچ میں دوسرے دن کا کھیل بارش کی نذر،علی اسد کی تھری فیگر اننگز سے یو بی ایل کی پوزیشن مستحکم کراچی (اسپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام قائد اعظم ٹرافی فرسٹ کلاس کرکٹ ٹورنامنٹ گولڈ میں چار روزہ میچ کے دوسرے ہی دن کراچی ڈولفنز کی ٹیم پورٹ قاسم کیخلاف محض دو رنز کی برتری حاصل کرنے کے بعد 222رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز کی ٹیم نے ملتان ٹائیگرز کے219رنز کے جواب میں پانچ وکٹوں پر 105رنز بنالئے۔ پشاور پنتھرز اور نیشنل بینک کے میچ میں بارش کے باعث پورے دن کا کھیل ممکن نہ ہوسکا۔ واپڈا نے محمد سعد کی سنچری کی بدولت لاہور لائنز کیخلاف اپنی پہلی اننگز 542/6کے اسکور پر ڈیکلیئرڈ کر دی۔ جواب میں لاہور لائنز نے ایک وکٹ پر 70رنز بنا لئے تھے۔ زرعی ترقیاتی بینک کیخلاف 17رنز کی معمولی برتری حاصل کرکے اسلام آباد لیپرڈز نے تمام وکٹوں پر 209رنز بنائے تھے۔ جواب میں زرعی ترقیاتی بینک نے اپنی دوسری اننگز میں 12/0اسکور کیا تھا۔ ایک اور میچ میں یو بی ایل نے تین وکٹوں پر 252اسکور کرکے راولپنڈی ریمز کیخلاف122رنز کی برتری حاصل کرلی۔ ان میچز میں واپڈا کے محمد سعد اوریوبی ایل کے علی اسد نے سنچریاں اسکور کیں۔ بالنگ میں عثمان شنواری نے6 اور محمد سمیع نے5 شکار کئے۔ تفصیلات کے مطابق قائد اعظم ٹرافی گولڈ کے چار روزہ میچ میں پشاور پینتھرز اور نیشنل بینک کے درمیان پشاور میں بارش کی وجہ سے دوسرے دن کا کھیل شروع ہی نہیں ہوسکا۔نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیل کے دوسرے دن پورٹ قاسم کی ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں کھیل کے اختتام پر بغیر کسی نقصان کے6اوورز میں 24 رنز بنالئے ۔ قبل ازیں کراچی ڈولفنز کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 76.2اوورز میں222 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور پہلی اننگز میں2 رنزکی برتری حاصل کی۔ فضل سبحان57،محمد حسن 42،فراز علی 37اور عدیل ملک نے 37رنز بنائے۔ محمد سمیع نے47 رنز دے کر5 شکار کئے جبکہ سہیل خان نے62 رنز کے عوض4 وکٹیں حاصل کیں ۔ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم ملتان میں ملتان ٹائیگرز کی پہلی اننگز 219 رنز کے جواب میں سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز کی ٹیم نے کھیل کے دوسرے دن کے اختتام پر اپنی پہلی اننگز میں 24.3اوورزکے کھیل میں5وکٹوں پر105رنز بنالئے تھے۔ نعیم الدین 24، خرم شہزاد 32اور محمد رضوان نے24رنز بنائے۔ محمد عرفان نے 45رنز دے کر3 اور ماجد علی نے36 رنز کے عوض 2وکٹیں حاصل کیں۔پشاورکے ارباب نیاز اسٹیڈیم میں پشاور پینتھرز اور نیشنل بینک کے درمیان دوسرے دن کا کھیل بارش کی وجہ سے شروع نہیں ہوسکا۔ پشاور پینتھرزکے خلاف نیشنل بینک کی ٹیم پہلی اننگز میں170 رنز بناکرآؤٹ ہوگئی ۔جواب میں پشاور پینتھرز نے ایک وکٹ پر45رنز بنائے تھے۔ تاہم دوسرے روزکوئی گیندکرائی نہ جاسکی۔قذافی اسٹیڈیم لاہور میں واپڈا کی ٹیم نے چھ وکٹوں پر 542 رنز بناکر اپنی پہلی اننگز ڈیکلیئرڈ کردی۔ لاہورلائنز نے کھیل کے اختتام پر اپنی پہلی اننگز میں33اوورز میں ایک وکٹ پر 70رنز بنائے۔ اخلاق بٹ 36رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں،جس میں4 چوکے بھی شامل تھے۔واپڈا نے دوسرے روز اپنی پہلی نامکمل اننگز315 رنز دو کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی اور542 رنز بناکر اننگز ڈیکلیئرڈ کرنے کا اعلان کیا۔محمد سعد نے شاندار سنچری بناتے ہوئے157رنز کی دلکش اننگز کھیلی۔عدنان رئیس نے 83اور افتخار احمد نے74رنز بنائے۔ سعد نسیم نے108 رنز دے کر 3کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ محمد سعید نے2وکٹیں لیں۔ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں اسلام آباد لیپرڈز کی ٹیم پہلی اننگز میں209رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ۔قبل ازیں اسلام آباد نے65 رنز 3کھلاڑی آؤٹ پر اپنی پہلی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی اور52.2اوورز میں 209رنز پرآؤٹ ہوگئی۔ علی سرفراز نے69، عماد وسیم25 اور سرمد بھٹی نے28رنز بنائے۔ عثمان شنواری نے 66رنز دے کر6شکار کئے۔ محمد کفیل نے72رنز پر2وکٹیں لیں۔ 16رنز کے خسارے کے ساتھ کھیل کے اختتام پر زرعی ترقیاتی بینک نے5اوورز کے کھیل میں12رنز بنالئے۔ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں یونائیٹڈ بینک کی ٹیم نے کھیل کے دوسرے دن کے اختتام پر 91اوورز میں3وکٹوں پر252رنز بنائے۔ علی اسد نے شاندار سنچری اسکورکی، انہوں نے10 چوکوں کی مدد سے 101رنز بنائے۔ حسن محمود 63رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں، خاقان ارسل نے44، عمیر خان نے 24رنز بنائے۔اس سے قبل میزبان سائیڈ راولپنڈی ریمز نے پہلی اننگز میں130رنز بنائے۔ آج ان میچز کا تیسرا دن ہے۔