اسٹاک ایکسچینج :رواں ماہ انڈیکس تاریخ کی بلند ترین سطح پر

کراچی(کامرس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے مارچ کے مہینے میں تاریخی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جہاں ہنڈریڈ انڈیکس تمام سابقہ ریکارڈ توڑتے ہوئے 1,19,421 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
مجموعی طور پر رواں ماہ اسٹاک مارکیٹ میں 4,555 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کی کئی وجوہات رہیں۔ماہرین کے مطابق حکومت اور آئی ایم ایف کے کامیاب مذاکرات، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے عالمی مالیاتی اداروں سے ملنے والی رقم، وزیراعظم کے سعودی عرب کے کامیاب دورے کے بعد ریکوڈک میں سرمایہ کاری کے قوی امکانات اور مثبت مالیاتی اعداد و شمار مارکیٹ میں استحکام اور تیزی کی بڑی وجوہات رہے ۔اسٹاک مارکیٹ میں رواں ماہ کے دوران سرمایہ کاروں کے بھرپور اعتماد کے باعث کاروباری حجم میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا، جس کے نتیجے میں مارکیٹ کیپٹلائزیشن 393 ارب روپے اضافے سے 14,374 ارب روپے تک جا پہنچی۔ مارچ کے دوران کم ترین سطح 1,11,717 پوائنٹس رہی، آخری کاروباری ہفتے میں انڈیکس 1,17,807 پوائنٹس رہا، مجموعی کاروباری حجم 6 ارب 94 کروڑ شئیرز رہے ۔اسی طرح کے ایس ای 100 انڈیکس 1,17,806.75 پوائنٹس رہا،کے ایس ای 30 انڈیکس 36,346.67 پوائنٹس اور کے ایس ای آل شئیر انڈیکس 73,340.42 پوائنٹس رہا، کے ایم آئی 30 انڈیکس 1,83,106.29 پوائنٹس پر رہا۔ مارکیٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر اقتصادی استحکام برقرار رہا اور بیرونی سرمایہ کاری کے امکانات مزید واضح ہوئے تو آنے والے مہینوں میں بھی اسٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان جاری رہنے کی توقع ہے۔