سیمنٹ برآمدات میں 28فیصد اضافہ،مقامی کھپت میں 7فیصد کمی

کراچی (اے پی پی) جاری مالی سال 2024-25 کے ابتدائی نو ماہ (جولائی تا مارچ) کے دوران پاکستان سے سیمنٹ کی برآمدات میں 28 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ، جبکہ اسی عرصے میں مقامی کھپت میں 7 فیصد کمی دیکھی گئی ہے ۔
آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (اے پی سی ایم اے )کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق مالی سال کے پہلے نو ماہ میں سیمنٹ کی برآمدات 6.53 ملین ٹن رہیں، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 5.10 ملین ٹن تھیں۔ مارچ 2025 میں سیمنٹ کی برآمدات 6 لاکھ 8 ہزار 614 ٹن ریکارڈ کی گئیں، جو مارچ 2024 کے مقابلے میں 0.58 فیصد زیادہ ہیں۔ دوسری جانب، مقامی کھپت میں کمی کا رجحان برقرار ہے ۔ مالی سال کے ابتدائی نو ماہ میں مقامی کھپت 27.46 ملین ٹن رہی، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 29.40 ملین ٹن تھی، یعنی 6.6 فیصد کی کمی۔ مارچ 2025 میں مقامی کھپت 2.96 ملین ٹن ریکارڈ کی گئی، جو مارچ 2024 کے 3.34 ملین ٹن کے مقابلے میں 11.3 فیصد کم ہے ۔ ماہرین کے مطابق برآمدات میں اضافہ عالمی منڈیوں میں پاکستانی سیمنٹ کی بڑھتی ہوئی طلب اور مسابقتی قیمتوں کا نتیجہ ہے ۔