سمبڑیال:ایک لاکھ آ بادی کا راستہ بند ،ایمبو لینس بھی معطل
سمبڑیال(سٹی رپورٹر )ایک لاکھ سے زائد آبادی کی گزرگاہ بند کر دی گئی، ایمبولنس سمیت دیگر گاڑیوں کی بھی آمد و رفت معطل ہو گئی ۔ شہریوں سمیت سکولوں میں آنے والے طالب علموں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔
سمبڑیال ریلوے سٹیشن کے سامنے والا مین ریلوے روڈ بابو غلام نبی روڈ پر واقع پھاٹک سے لے کر ریلوے سٹیشن کے سامنے تک اندرونی اور خارجی راستہ پر ریلوے لائن لگا کر بند کر دیا گیا ہے پہلے یہ شارع عام تھی اور لوگوں کی گزرگاہ تھی۔ دس روز سے بند یہ واحد راستہ جہاں سے ایمرجنسی کی صورت میں ایمبولنس وغیرہ محلوں میں داخل ہو جاتی تھیں اب وہ بھی بند ہو چکی ہے ۔ محلہ دارالسلام نیو دار السلام سلطان پورہ محمد پورہ کے رہائشیوں سمیت سکولوں میں زیر تعلیم ہزاروں طالب علموں کو سخت پریشانی کا سامنا ہے وہ اپنے رکشے ، گاڑیاں شہر سے باہر کھڑی کر کے سکولوں میں آ رہے ہیں۔جس سے ٹریفک بلاک کا مسئلہ بھی پیدا ہورہا ہے ۔ جب اس ضمن میں ریلوے حکام سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے خاموشی اختیار کی۔ اہل علاقہ نے وزیر ریلوے ، ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے لاہور،ارباب احتیار سمیت عوامی نمائندوں سے مطالبہ کیا ہے کہ راستے کو فوری کھو لا جائے ۔