میپکو: لائن لاسز 1.3 فیصد کم،15 کروڑ 8 لاکھ یونٹ بچت،4 ارب 22 کروڑ کا فائدہ
![میپکو: لائن لاسز 1.3 فیصد کم،15 کروڑ 8 لاکھ یونٹ بچت،4 ارب 22 کروڑ کا فائدہ](https://dunya.com.pk/newweb/images/placeholders_gen_image.jpg)
ملتان (خصوصی رپورٹر) ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) نے مالی سال 2024-25ء کے دوران لائن لاسز کی شرح میں ایک اعشاریہ تین(1.3) فیصد کمی کی ہے جس سے 15 کروڑ81لاکھ یونٹس بچاکر کمپنی کو 4ار ب 22 کروڑروپے فائدہ ہواہے ۔
سرکاری اور پرائیویٹ صارفین سے بلنگ کی مد میں384ارب روپے سے زائد ریکوری کرلی جس سے پروگریسو ریکوری کی شرح98.87فیصد رہی ہے ۔ جوالائی تادسمبر کے عرصہ میں پرائیویٹ صارفین سے 363 ارب 80کروڑروپے وصولیوں کے ساتھ شرح 99.49 فیصد اور سرکاری اداروں /محکموں سے 20ارب 82کروڑروپے وصولیوں کے ساتھ شرح 89.18 فیصد رہی ۔ کارکردگی رپورٹ کے مطابق ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں 2 لاکھ 80ہزار520بجلی چور پکڑے گئے جنہیں 13 کروڑ37لاکھ یونٹس چوری کرنے پر 4 ارب94کروڑروپے جرمانہ عائد کیاگیا۔بجلی چوروں سے 3ارب79کروڑروپے جرمانہ وصول کیاگیا جس سے جرمانہ وصولی کی شرح76.7فیصد رہی ۔16ہزار538بجلی چوروں کے خلاف مقدمات کے اندراج کے لئے بھیجی گئی درخواستوں میں سے 15ہزار874افراد کے خلاف مقدمات درج ہوئے ۔دسمبر 2024ء کے اختتام تک میپکو صارفین کی تعداد 85 لاکھ53 ہزار875ہوگئی ہے جس میں 76 لاکھ 74ہزارگھریلو، 6 لاکھ 61 ہزار کمرشل، 61 ہزار 467صنعتی، ایک لاکھ8ہزار زرعی ٹیوب ویل ، 45 ہزار 927 جنرل سروس اور 2ہزار سے زائد دیگر کیٹگریز کے کنکشنز شامل ہیں ۔رواں مالی سال میں میپکو ریجن میں 2 لاکھ 10 ہزار 101نئے کنکشنز فراہم کئے گئے ان میں 2لاکھ گھریلو، 7 ہزار 246کمرشل، 89جنرل سروس، 133 صنعتی ، 94زرعی ٹیوب ویل اور10دیگر کیٹگریز کے کنکشنز شامل ہیں ۔