نگران وزیر اعلیٰ سے "آباد" کے وفد کی ملاقات، تعمیراتی انڈسٹری کے مسائل سے آگاہ کیا

لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی سے ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈویلپرز آف پاکستان (آباد) کے وفد نے ملاقات کی۔

وفد میں گوہر اعجاز، انجینئر اکبر شیخ، حافظ محمد نعمان، شیراز جے منوں، ایوب صابر اظہار، وحید احمد بٹ، خالد محمود شیخ، ”آباد“ کے کمپنی سیکرٹری کامران شجاع اور دیگر شامل تھے، ملاقات کے موقع پر کمشنر لاہور، ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران آباد کے وفد نے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کو کنسٹرکشن انڈسٹری کو درپیش مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا اور انڈسٹری کے فروغ کیلئے تجاویز پیش کیں، اس دوران محسن رضا نقوی نے کنسٹرکشن انڈسٹری کے فروغ کیلئے قابل عمل تجاویز پر عمل درآمد کی یقین دہانی کروا دی۔

تعمیراتی صنعت سے وابستہ ماہرین کی تجاویز پر بلڈنگز کی تعمیر سے متعلقہ قوانین کا ازسر نو جائزہ لینے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا جبکہ پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیز میں ریزیڈینشل مینجمنٹ کمیٹیاں قائم کرنے کی تجویز پر غور ہوا۔

ملاقات کے موقع پر کمشنر لاہور اور ڈی جی ایل ڈی اے کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی جو ”آباد“ کے عہدیداران اور دیگر سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے حتمی سفارشات مرتب کرے گی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ لاکھوں لوگوں کے روزگار کی بحالی کیلئے کنسٹرکشن انڈسٹری کا احیا ضروری امر ہے، ایل ڈی اے اور دیگر ادارے بلڈنگ لاز کو پبلک فرینڈلی بنانے پر توجہ دیں۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں