خیبرپختونخوا : نگران حکومت نےآئندہ 4 ماہ کا بجٹ تیارکرلیا

پشاور : (دنیانیوز) خیبرپختونخوا نگران حکومت نے آنے والے 4 ماہ کا بجٹ تیار کرلیا۔

محکمہ خزانہ کے مطابق بجٹ یکم مارچ 2024 سے یکم جون 2024 تک کیلئے  تیار کیاگیا ہے، بجٹ کا کل تخمینہ 560 ارب روپے لگایا گیا ہے، ابتدائی طور پر 1 مہینے کے بجٹ کی منظوری لی جائے گی، موجودہ بجٹ کی مدت 29 فروری کو ختم ہو جائے گی۔

محکمہ خزانہ کے مطابق 29 فروری کے بعد ایک روپے بھی خرچ کرنا غیر قانونی تصور ہوگا، روزمرہ کے امور چلانے کے لیے کم از کم ایک ماہ بجٹ کی منظوری لازمی ہے، اس سے قبل بھی نگران حکومت نے دو بار 4،4 مہینوں کے لیے بجٹ کی منظوری دی تھی۔

نگران وزیر خزانہ احمد رسول بنگش کا کہنا ہے کہ  بجٹ تیار کرکے منظوری کے لئے کابینہ کو بھیج دیا ہے، کابینہ کا اختیار ہے کہ 4 مہینے یا 1 مہینے کے لیے بجٹ کی منظوری دے، مستقل حکومت آئے گی تو پھر وہ بجٹ منظور کریں گی، فی الحال معمول کے امور چلانے کے لئے بجٹ کی منظوری لازمی ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں