پاکستان نے بھارت کی جانب سے تجارتی سازو سامان قبضے میں لینے کا دعویٰ جھوٹا قرار دیدیا

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے بھارت کی جانب سے تجارتی سازو سامان قبضے میں لینے کا دعویٰ جھوٹا قرار دیدیا۔

ترجمان وزارت خارجہ نے بھارت کا پاکستان کی جانب سے تجارتی ساز و سامان قبضے میں لینے کے دعویٰ پر میڈیا کے سوالات کے جواب میں کہا کہ رپورٹس بھارتی میڈیا کی جانب سے حقائق جھٹلانے اور غلط بیانی کی عکاس ہیں۔

وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق یہ سامان کراچی میں قائم تجارتی ادارے کی طرف سے کمرشل لیتھ مشین کی درآمد کا ایک سادہ معاملہ ہے، یہ کمپنی پاکستان میں آٹوموبائل انڈسٹری کو پرزے فراہم کرتی ہے، تجارتی سامان کی تفصیلات واضح طور پر ان آلات کے خالصتاً تجارتی استعمال کی نشاندہی کرتی ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ یہ لین دین تمام متعلقہ دستاویزات کے ساتھ شفاف بینکنگ چینلز کے ذریعے کیا جا رہا تھا، متعلقہ نجی ادارے اس بلا جواز قبضہ کے خلاف معاملے کی پیروی کر رہے ہیں، پاکستان نے تجارتی سامان کو ضبط کرنے بارے بھارت کی جانب سے سخت کارروائی کی مذمت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد تجارت کی یہ تشریح مشکوک کردار کی حامل ریاستیں جو من پسند مفروضوں کی بنا پر پولیسنگ کی نشاندہی کرتی ہیں، اس طرح کی کارروائیاں بین الاقوامی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں