وزیر خزانہ سے سٹیل انڈسٹری کے وفد کی ملاقات، مسائل حل کرنیکی یقین دہانی کرائی

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے سٹیل انڈسٹری سے وابستہ ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے ملاقات کی۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ملاقات کرنے والوں میں پاکستان ایسوسی ایشن آف لارج سٹیل پروڈیوسر، سٹیل میٹلرز ایسوسی ایشن کے نمائندے شامل تھے، پاکستان سٹیل ری رولنگ ملز ایسوسی ایشن کا وفد بھی ملاقات کرنے والوں میں شامل تھا۔

اعلامیہ کے مطابق انڈسٹری نمائندوں سے ملاقات میں چیئرمین ایف بی آر بھی شریک ہوئے، ملاقات میں سٹیل انڈسٹری سے وابستہ نمائندوں نے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا، ایسوسی ایشن نمائندوں نے انڈسٹری سے متعلق جائزہ رپورٹ پیش کی۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ایسوسی ایشنز کے نمائندوں نے سٹیل صنعت کے فروغ سے متعلق زور دیا، سٹیل انڈسٹری نے ٹیکس اور کسٹم ڈیوٹی سے متعلق ایڈجسٹمنٹ کی تجاویز دیں، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے سٹیل انڈسٹری کے مسائل حل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

اعلامیہ کے مطابق وزیر خزانہ نے انڈسٹری کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مشترکہ کاوشوں پر زور دیا، وفد نے وزیر خزانہ اور چیئر مین ایف بی آر کا تعاون کی یقین دہانی پر شکریہ ادا کیا۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں