برطانوی ادارے کا پاکستان کے ٹرانسمیشن سیکٹر میں سرمایہ کاری میں اظہار دلچسپی

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری سے برٹش انٹرنیشنل انویسٹمنٹ (بی آئی آئی) کے اعلیٰ سطح وفد نے ملاقات کی، وفد کی قیادت ادارے کے ایم ڈی اور ہیڈ آف ایشیا سری نی ناگراجن کر رہے تھے۔

ملاقات میں بی آئی آئی کی جانب سے پاکستان کے توانائی شعبے میں طویل المدتی شراکت داری میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا، بی آئی آئی نے پاکستان کے ٹرانسمیشن سیکٹر میں سرمایہ کاری کے مواقع میں بھی دلچسپی ظاہر کی۔

اویس لغاری نے بتایا کہ بی آئی آئی پاکستان میں تقریباً 600 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہا ہے۔

وفاقی وزیر توانائی نے کہا کہ حکومت نے آئندہ آٹھ سے دس سال کے لیے توانائی کا جامع فریم ورک تیار کیا ہے، انٹیگریٹڈ سسٹم پلان کے ذریعے توانائی کی مستقبل کی ضروریات کا تعین ممکن ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ مربوط منصوبہ بندی سے سرمایہ کاروں کو مستحکم اور پیشین گوئی کے قابل ماحول ملے گا، حکومت کی اولین ترجیح توانائی منصوبوں کا مالی بوجھ صارفین پر کم سے کم رکھنا ہے۔

اویس لغاری نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری کے ساتھ مقامی پیداوار کے فروغ کو بھی ترجیح دی جا رہی ہے، نیشنل گرڈ کی مستقبل کی ضروریات کے لیے مقامی مالیاتی منڈیوں سے وسائل متحرک کرنے کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ قومی گرڈ کی توسیع اور مؤثر ترسیل کے لیے سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں، قومی گرڈ پر بڑے پیمانے پر بیٹری انرجی اسٹوریج سسٹمز کی ضرورت ہوگی، بیٹری اسٹوریج سسٹمز میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کا اہم کردار ہوگا۔

اویس لغاری نے کہا کہ حکومت گرڈ کی ڈیجیٹلائزیشن اور اے ایم آئی سمارٹ میٹرز کی تنصیب تیز کر رہی ہے، ٹرانسمیشن منصوبوں میں نجی سرمایہ کاری اور بین الاقوامی تعاون کا خیرمقدم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت قابلِ اعتماد اور شفاف سرمایہ کاری ماحول فراہم کرنے کے لیے اصلاحات کر رہی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...