لاہور کی سبزی منڈی سے متعلق 63 سال پرانا خصوصی قانون ختم

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب میں لاہور کی سبزی منڈی سے متعلق 63 سال پرانا خصوصی قانون ختم کردیا گیا، گورنر پنجاب نے پنجاب ویجیٹیبل مارکیٹ لاہور ریپیل بل 2026 کی منظوری دے دی۔

پنجاب ویجیٹیبل مارکیٹ لاہور ریپیل ایکٹ 2026 کا باقاعدہ گزٹ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، گورنر کی منظوری کے بعد پنجاب ویجیٹیبل مارکیٹ لاہور ریپیل بل باقاعدہ قانون بن گیا۔

نئے قانون کو پنجاب ویجیٹیبل مارکیٹ لاہور ریپیل ایکٹ 2026 کا نام دیا گیا ہے اور اسے ایکٹ نمبر 56 آف 2026 قرار دیا گیا ہے۔

نئے قانون کے ذریعے پنجاب ویجیٹیبل مارکیٹ لاہور آرڈیننس 1963 باضابطہ طور پر منسوخ کردیا گیا، 1963 کا خصوصی قانون لاہور کی ویجیٹیبل مارکیٹ سے متعلق تھا جسے 63 سال بعد قانونی طور پر ختم کردیا گیا۔

نئے ایکٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ 1963 کے آرڈیننس کے مقاصد پورے ہوچکے ہیں، اسی بنیاد پر پرانے قانون کو ختم کیا گیا ہے، پنجاب ویجیٹیبل مارکیٹ لاہور ریپیل ایکٹ گورنر کی منظوری کے ساتھ فوری طور پر نافذ ہوگیا۔

ریپیل ایکٹ کے ذریعے کوئی نیا سبزی منڈی قانون متعارف نہیں کرایا گیا، بنیادی مقصد 1963 کے آرڈیننس کا خاتمہ ہے، نئے ایکٹ میں سبزیوں کے نرخ، نئے ٹیکس یا نئی سبزی منڈی کے قیام سے متعلق کوئی نئی شق شامل نہیں۔

قانون کے مطابق 1963 کے آرڈیننس کے تحت ماضی میں کیے گئے اقدامات اور فیصلوں کو قانونی تحفظ حاصل رہے گا، پرانے آرڈیننس کے تحت کیا گیا کوئی بھی اقدام منسوخی سے متاثر نہیں ہوگا۔

نئے ریپیل ایکٹ میں واضح سیونگ کلاز شامل ہے، جس کے باعث قانون کی منسوخی سے ماضی کے فیصلوں اور اقدامات پر قانونی غیر یقینی پیدا نہیں ہوگی۔

خصوصی قانون کے خاتمے سے لاہور کی سبزی منڈی سے متعلق غیرضروری قانونی پیچیدگی ختم اور موجودہ نظام کے تحت معاملات چلانے کی راہ ہموار ہوگی۔

پرانا قانون ختم ہونے سے عوام پر کوئی نیا ٹیکس یا مالی بوجھ عائد نہیں کیا گیا، ریپیل ایکٹ میں نئے ٹیکس یا فیس کی کوئی شق شامل نہیں۔

نئے قانون میں سبزیوں کی قیمتوں میں فوری کمی کا کوئی اعلان نہیں کیا گیا اور نہ ہی عوام کے لیے براہ راست مالی ریلیف یا نرخ کم کرنے کا کوئی میکنزم موجود ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...