بھارت، نیوزی لینڈ ٹیسٹ: اعجاز پٹیل نے ایک اننگز میں پوری ٹیم کوآؤٹ کردیا

کرکٹ

لاہور: (ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ اور بھارت کے درمیان کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوران تاریخ رقم ہو گئی، ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں کیویز سپنر اعجاز پٹیل نے پوری بھارتی ٹیم کوآؤٹ کردیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ممبئی ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کے اسپنراعجاز پٹیل نے 119رنز کے عوض بھارتی ٹیم کے 10 کھلاڑیوں کوآؤٹ کردیا۔ بھارتی قائد ویرات یکوہلی کھاتہ بھی نہ کھول سکے اور زیرو اعجازپٹیل کا شکار بنے۔

اعجاز پٹیل نے 47.5 اوورز میں 119 رنز دے کر 10 وکٹیں حاصل کیں۔ اعجازنے نیوزی لینڈ کے لئے بہترین کارکردگی کا نیا ریکارڈ بھی قائم کردیا۔

ممبئی میں پیدا ہونے والے اعجاز پٹیل ٹیسٹ کی ایک اننگز میں 10 وکٹیں لینے والے دنیا کے تیسرے باؤلر بن گئے۔ اعجاز سے قبل انگلینڈ کے جم لیکر اور بھارت کے انیل کمبلے بھی یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔

اس سے قبل انگلینڈ کے جم لیکر نے 1953 میں مانچسٹر میں آسٹریلیا کے خلاف اور انیل کمبلے نے پاکستان کے خلاف دہلی کے فیروز شاہ کوٹلہ سٹیڈیم میں 10 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ تاہم اعجاز پٹیل نے یہ اعزاز اپنے ملک نیوزی لینڈ سے دور انڈیا میں حاصل کیا ہے۔

واضح رہے 34 سالہ اعجاز پٹیل اپنے خاندان کے ساتھ 1996 میں نیوزی لینڈ ہجرت کرکے آئے تھے اور وہ نیوزی لینڈ کی قومی ٹیم کے لیے کھیلنے والے پانچویں بھارتی نژاد کھلاڑی ہیں۔ ان سے قبل بھارتی نژاد کھلاڑی ٹیڈ بیڈکوک، ٹام پونا، ایش سودھی اور جیت راول نیوزی لینڈ کی نمائندگی کرچکے ہیں۔

دوسری طرف انیل کمبلے نے اعجاز پٹیل کو 10 وکٹیں حاصل کرنے پر سراہا اور’ویلکم ٹو دا کلب‘ کہتے ہوئے ٹویٹر پر لکھا کہ ٹیسٹ میچ کے پہلے اور دوسرے دن دس وکٹیں لینا خاص کوششوں کا نتیجہ ہے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں