آئی سی سی ون ڈے رینکنگ جاری، بابراعظم کی بدستور پہلی پوزیشن

دبئی: (دنیا نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے مینز ون ڈے فارمیٹ کی رینکنگ جاری کردی ج میں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم بدستور پہلی پوزیشن پر موجود ہیں۔

آئی سی سی مینز ون ڈے رینکنگ کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم 857 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر موجود ہیں جبکہ بھارت کے شبمن گل کی 814 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن ہے۔

جنوبی افریقہ کے بلے باز رسی ون ڈیو سن تیسرے نمبر پر موجود ہیں جبکہ پاکستانی اوپنر امام الحق ایک درجہ بہتری کے بعد چوتھے نمبر پر آگئے ہیں، فخر زمان کی تنزلی ہوئی ہے جس کے بعد وہ ٹاپ 10 بیٹرز کی فہرست سے نکل کر رینکنگ میں 11 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

ون ڈے باؤلرز کی رینکنگ میں بھارت کے محمد سراج نے آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ سے پہلی پوزیشن چھین لی، محمد سراج نے 694 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر قبضہ جما لیا ہے۔

جوش ہیزل ووڈ دوسرے اور نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ تیسری پوزیشن پر ہیں جبکہ پاکستان کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی 10 ویں نمبر پر موجود ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں