نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ 2023ء کا ٹائٹل کراچی وائٹس نے جیت لیا

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی وائٹس نے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ 2023ء کے فائنل میچ میں ایبٹ آباد ریجنز کو 9 رنز سے شکست دے دی۔

کراچی میں کھیلے گئے ایونٹ کے فائنل میچ میں کراچی وائٹس کے 156 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ایبٹ آباد ریجنز کی ٹیم 146 رنز ہی بنا سکی۔

کراچی وائٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 155 رنز بنائے تھے، کراچی وائٹس کی جانب سے خرم منظور 53 اور عمیر یوسف 36 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ ایبٹ آباد کی جانب سے شہاب خان نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔

 جوابی اننگز میں ایبٹ آباد ریجنز کی ٹیم 156 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی، ایبٹ آباد ریجنز کے اعتزاز حبیب خان 43 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے جبکہ احمد خان 19 اور فخر زمان نے 18 رنز کی اننگز کھیلی۔

کراچی وائٹس کی جانب سے شاہنواز دھانی نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ انور علی اور دانش عزیز 2، 2 وکٹیں چٹکانے میں کامیاب رہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں