ٹی 20 میں بھارت نے دوسرا بڑا سکور بنا کر بنگلہ دیش سے میچ 133رنزسے جیت لیا
حیدر آباد : (ویب ڈیسک) ٹی 20 میچ میں بھارتی کرکٹ ٹیم نے بنگلہ دیش کو133رنز سے ہرا کر دوسرا بڑا سکور بنا نے کا ریکارڈ قائم کرلیا۔
حیدر آباد میں بھارت اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیمیں تیسرے ٹی 20 میں مدمقابل آئیں جہاں میزبان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مہمان ٹیم کو جیت کے لئے 298 رنز کا بڑا ہدف دے دیا۔
بنگلہ دیش کے خلاف بھارتی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 297 رنز بنائے، سنجو سیمسن 47 گیندوں پر 111 رنز کی اننگ کھیل کر نمایاں رہے جن کی اننگ میں 8 چھکے اور 11 چوکے شامل تھے۔
کپتان سوریا کمار نے 5 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 35 گیندوں پر 75 رنز جبکہ ہاردک پانڈیا نے 4 چھکے اور 4 چوکوں کی مدد سے 18 گیندوں پر 47 رنز کی برق رفتار اننگ کھیلی۔
ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی ٹیم شروع میں ہی دباؤ میں نظر آئی اور اس کا کوئی بھی کھلاڑی جم نہ کھیل سکا،اس طرح مقررہ 20اوورز میں 7 کھلاڑیوں کے نقصان پر164رنز بنا سکی۔
یاد رہے کہ ٹی 20 کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ نیپال کے پاس ہے جس نے گزشتہ سال ایشین گیمز کے دوران منگولیا کے خلاف 314 بنائے تھے۔