پہلا ون ڈے: آسٹریلوی ویمن ٹیم نے بھارت کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی

برسبین: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا ویمن نے پہلے ون ڈے بین الاقوامی کرکٹ میچ میں بھارتی ویمن کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔

ایلن بارڈرفیلڈ برسبین میں کھیلے گئے تین میچوں کی سیریز کے ابتدائی ون ڈے میچ میں مہمان بھارتی خواتین ٹیم کی کپتان ہرمن پریت کور نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

آسٹریلوی خواتین ٹیم کی باؤلرز کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت بھارتی ویمن پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 34.2اوورز میں 100 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی، اس کی 7 کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی نہ پہنچ سکیں، جمائمہ روڈریگز23،ہرلین دیول19 اور کپتان ہرمن پریت کور17 رنز بناسکیں۔

آسٹریلیا کی جانب سے میگن شٹ نے عمدہ باؤلنگ کراتے ہوئے 5 جبکہ کم گراتھ، ایشلی گارڈنر، اینابیل سدرلینڈ اور الانا کنگ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

جواب میں میزبان آسٹریلیا کی خواتین ٹیم نے مطلوبہ ہدف 16.2 اوورمیں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے بھارتی خواتین ٹیم کو میچ میں 5 وکٹوں سے ہرا کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی، جارجیا ووال ناقابل شکست 46 اورفوبی لیچ فیلڈ35 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہیں۔

بھارت کی ویمن ٹیم کی جانب سے رینوکا ٹھاکر سنگھ نے 3جبکہ پریا مشرا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، آسٹریلیا کی میگن شٹ میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں