گوجرانوالہ: آتشبازی سے روکنے پر پمپ عملے، اوکاڑہ میں 2 پولیس اہلکاروں پر تشدد

گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) گوجرانولہ میں آتشبازی سے منع کرنے پر مسلح افراد نے پٹرول پمپ پر کام کرنے والے 4 افراد کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

تفصیلات کے مطابق پٹرول پمپ کے ملازمین نے پمپ کے قریب آتشبازی کرنے پر روکا تو مسلح افراد نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ دھاوا بول دیا، اس دوران ملزمان نے پمپ پر موجود کیشئیر سمیت 4 افراد کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئے۔

تشدد کرنے کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہو گئے، زخمی ہونے والوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے، واقعے کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور متاثرین کی شکایت پر ملزموں کیخلاف مزید قانونی کارروائی شروع کر دی۔

دوسری جانب اوکاڑہ کے علاقے سندھی محلہ میں آتش بازی کا سامان فروخت کرنے والوں کیخلاف کارروائی کیلئے جانے والے پولیس اہلکاروں پر ملزموں نے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں 2 اہلکار زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا، پولیس نے 2 حملہ آوروں کو بھی گرفتار لیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں