سجاول کی سب جیل سے فرار ہونے والے ایک قیدی کو گرفتار کر لیا گیا

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے ضلع سجاول کی سب جیل سے فرار ہونے والے 3 قیدیوں میں سے ایک قیدی کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جوڈیشل سب جیل سجاول سے گزشتہ روز تین خطرناک قیدی جیل توڑ کر فرار ہوئے، تینوں قیدی مختلف جرائم میں ملوث تھے، فرار قیدیوں میں رفیق مرگر، بلاول چانڈیو اور ستار مگنہار شامل ہیں، یہ تینوں سجاول کی سب جیل کے بیرک نمبر 3 میں قید تھے۔

قیدی رات کی تاریکی میں بیرک کی کھڑکی توڑ کر بآسانی فرار ہوئے تاہم رات بھر جیل انتظامیہ کو پتہ نہیں چل سکا کہ قیدی فرار ہو گئے ہیں، بیرکوں کا جائزہ لیا گیا تو بیرک نمبر 3 سے قیدی غائب تھے، ایس ایس پی نے غفلت برتنے پر سکیورٹی عملے کو معطل کر دیا تھا۔

حکومت کی جانب سے سخت ایکشن لیے جانے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے ضلع سجاول کی سب جیل سے فرار ہونے والے 3 ملزمان میں سے ایک کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ دیگر 2 ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں