امیر بالاج ٹیپو قتل کیس: تحقیقاتی ٹیم نے 2 مزید مرکزی ملزمان گرفتار کر لئے

لاہور:(دنیا نیوز) امیر بالاج ٹیپو قتل کیس میں اہم پیش رفت ہو گئی، تحقیقاتی ٹیم نے 2 مزید مرکزی ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ہونے والے ملزمان میں ہارون اور علی اصغر شامل ہیں،  ہارون شوٹر اور علی اصغر اس قتل کیس کا ماسٹر پلانر تھا، حملے کے وقت موقع پر پانچ ملزمان موجود تھے، دو شوٹر جن میں ہلاک ہونے والے مظفر اور فرار ہونے والا ہارون شامل ہے، پلان کے مطابق امیر بالاج کو قتل کرنے والے شوٹروں کو بھی تین اور شوٹروں نے قتل کرنا تھا۔

پولیس ذرائع نے مزید بتایا کہ موقع پر ہی شوٹر مظفر قتل ہونے کے بعد تمام کالے رنگ کے ویگو ڈالے میں بیٹھ کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، امیر بالاج کو قتل کرنے کے لئے اسلحہ اور ویگو ڈالا طیفی بٹ اور گوگی بٹ نے دیا تھا، موقع پر سارے واقعہ کی منصوبہ بندی علی اصغر نے کی تھی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے اس واقعہ میں اب تک کل 6 ملزمان گرفتار ہو چکے ہیں، پہلے گرفتار ہونے والے ملزمان میں احسن شاہ، ملک سہیل، مزمل اور احمد شامل ہیں،  ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں