مظفرآباد: لکڑی سمگلنگ کا الزام، سیکرٹری جنگلات سمیت 3اہلکار گرفتار

مظفرآباد :( محمد اسلم میر سے) ‎ آزاد جموں وکشمیر احتساب بیورو نے کارروائی کرتے ہوئے اختیارات کے ناجائز استعمال ، لکڑی سمگلنگ کے الزام میں سیکرٹری جنگلات سمیت تین ملازمین کو گرفتار کر لیا۔

احتساب بیورو کی ٹیم نے ‎سیکرٹری جنگلات چودھری امتیاز احمد کو مظفرآباد سے گرفتار کر کے احتساب بیورو کے گیسٹ ہاؤس منتقل کیا ،ٹیم نے ضلع باغ سے طاہر علی شاہ ڈی ایف او جنگلات اور انوار احمد خان رینج آفیسر جنگلات کو بھی حراست میں لے لیا ہے۔

ترجمان احتساب بیورو کے مطابق محکمہ جنگلات باغ نے دھیرکوٹ سے لکڑی کی نیلامی کے لئے گزشتہ سال محکمہ اطلاعات کے بغیر باغ سے چھپنے والے ایک مقامی غیر معروف اخبار کو ڈمی اشتہار دیا تھا، اشتہارکی اشاعت کے بعد محکمہ جنگلات باغ کے اہلکاروں نے غیر قانونی طور پر لکڑی کی نیلامی کر کے اسے چھ لاکھ روپے میں فروخت کیا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال 25 جون کو نیلامی کے بعد لکڑی کے اس ٹرک کو دھیرکوٹ سے راولپنڈی جاتے ہوئے محکمہ جنگلات کا اجازت نامہ نہ ہونے کے باعث کوہالہ فارسٹ چیک پوسٹ پر لکڑی سمیت ضبط کیا گیا ۔

ذرائع احتساب بیورو کے مطابق اس وقت کے سیکرٹری جنگلات چودھری امتیاز احمد نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے ساٹھ لاکھ روپے مالیت کی اس ضبط شدہ لکڑی کو واگزار کرانے کے احکامات دے جسے حکومتی خزانے کو 67 لاکھ روپے کا نقصان ہوا۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ احتساب عدالت نے اسی کیس میں ہفتہ کو سیکرٹری جنگلات سمیت ڈی ایف او اور رینج افسر باغ کو احتساب ایکٹ کے تحت گرفتار کر کے احتساب بیورو کے تھوری گیسٹ ہاؤس منتقل کر دیا جہاں ان سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

احتساب بیورو کی جانب سے اس کیس میں مزید گرفتاریوں کا بھی عندیہ دیا گیا ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں