سندھ پولیس کا منشیات فروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن، 56 گرفتار کر لیے

حیدرآباد: (دنیا نیوز) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی ہدایات پر پولیس نے مختلف اضلاع میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران 56 منشیات فروش گرفتار کر لیے۔

منشیات فروشوں کے قبضہ سے 10 کلو چرس، 28 گرام ہیروئن، 5 گرام آئس، 1036 لٹر دیسی شراب برآمد ہوئی، بدین کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں میں 27 منشیات فروش گرفتار کر کے مقدمات درج کر لیے گئے۔

دادو میں ایک خاتون منشیات فروشہ سمیت 29 ملزموں کو حراست میں لیا گیا، ملزموں سے مضر صحت گٹکہ اور دیگر منشیات بھی برآمد ہوئی۔

شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ حکومت سندھ نے صوبے کو منشیات سے پاک کرنے کا عزم کر رکھا ہے، منشیات فروشوں کے دن گنے جا چکے ہیں، منشیات کے خلاف پولیس اور ایکسائز نارکوٹکس کنٹرول کے جوانوں کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔

سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ منشیات فروش ہماری نئی نسل کی نسوں میں زہر گھول رہے ہیں، ان کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا، منشیات سے پاک معاشرے کے لئے زندگی کے تمام مکاتب فکر کے لوگوں کو آگے آنا ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں