بیرون ملک تعلیم کے نام پر طلبہ سے لاکھوں روپے کا فراڈ کرنے والا نیٹ ورک بے نقاب

راولپنڈی: (دنیا نیوز) بیرون ملک تعلیم کے نام پر طلبا و طالبات سے لاکھوں روپے کا فراڈ کرنے والا نیٹ ورک بے نقاب ہو گیا۔

ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل نے آن لائن مالی فراڈ میں ملوث گینگ کا اہم رکن گرفتار کر لیا، ملزم شبیر احمد کو چھاپہ مار کارروائی میں ڈی جی کوٹ فیصل آباد سے گرفتار کیا گیا، ملزم نے دھوکہ دہی اور فراڈ کے ذریعے شکایت کنندہ سے 22 لاکھ سے زائد روپے بٹورے۔

ملزم معصوم شہریوں کے ساتھ بیرون ملک یونیورسٹیوں میں داخلہ کے نام پر لاکھوں روپے کا فراڈ کرتا تھا، ملزم نے بیرون ملک یونیورسٹی میں فیس کی مد میں ڈسکاؤنٹ دلوانے کا جھانسہ دے کر 22 لاکھ روپے کا فراڈ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی طالب علم کو پرتگال میں قتل کر دیا گیا

پکڑا گیا ملزم کریڈٹ کارڈ کے ڈیٹا اکٹھا کرنے والے گروہ کا حصہ ہے، ملزم ساتھیوں کے ساتھ مل کر کریڈٹ کارڈز کے ذریعے یونیورسٹیوں کی فیس ادا کرنے میں ملوث پایا گیا، ملزم فراڈ کی رقم اپنے بینک اکاؤنٹس میں وصول کرتا تھا۔

ملزم نے متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے کا فراڈ کیا، ملزم عادی مجرم ہے اور کئی لوگوں کو لوٹ چکا ہے، ملزم سے 3 عدد اے ٹی ایم کارڈز برآمد کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں