حیدر آباد: ایک ہی رات 4 مبینہ پولیس مقابلے، منشیات فروشوں سمیت 5 ملزم گرفتار
حیدرآباد: (دنیا نیوز) ضلع بھر میں ایک ہی رات میں چند گھنٹوں کے دوران چار مبینہ پولیس مقابلے ہوئے۔
ٹنڈوجام، بلدیہ، ٹنڈو یوسف اور نسیم نگر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کامیاب کارروائیاں کی گئیں، چاروں مقابلوں میں خطرناک ڈاکو اور منشیات فروشوں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، پولیس نے بروقت کارروائیوں میں بھاری مقدار میں اسلحہ اور منشیات برآمد کر لی۔
ٹنڈوجام تھانے کی حدود میں پولیس مقابلے میں منشیات فروش فیروز گل عرف عرفان زخمی حالت میں پکڑا گیا، ملزم کے قبضے سے 30 بور پسٹل اور 80 گرام آئس برآمد کر لی گئی جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔
بلدیہ تھانے کی حدود میں سی آئی اے کٹ کے قریب بھی مبینہ مقابلہ ہوا، دو خطرناک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لئے گئے، پکڑے گئے ڈاکو سکندر علی عرف کمانڈو اور ظفر رند متعدد سنگین مقدمات میں مطلوب تھے۔
ٹنڈو یوسف تھانے کی حدود میں منشیات فروش مختیار کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، ملزم کے قبضے سے پسٹل اور 1070 گرام چرس برآمد کر لی۔
نسیم نگر تھانے کی حدود میں مبینہ پولیس مقابلے میں ملزم عبد القیوم زخمی حالت میں پکڑا گیا، ملزم سے پسٹل اور 100 گرام کرسٹل آئس برآمد کر لی گئی، مقابلوں کے دوران متعدد ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جن کو پکڑنے کیلئے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔
ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی ملزموں کو علاج کے لئے سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ ان پکڑے گئے ملزموں کے خلاف مزید تفتیش بھی شروع کر دی، ملزموں کے خلاف پولیس مقابلہ، اقدام قتل، ناجائز اسلحہ اور منشیات کے مقدمات درج کر لئے گئے۔