آن لائن فراڈ کیس: 284 غیر ملکیوں کی حراست کیلئے نجی پلازہ دوبارہ سب جیل قرار

اسلام آباد: (عادل تنولی) آن لائن فراڈ اور مبینہ فحش مواد پھیلانے کے الزام میں کال سینٹرز سے گرفتار 284 غیر ملکی شہریوں کو رکھنے کے لیے گلبرگ گرین کے ایک نجی پلازے کو دوبارہ سب جیل قرار دے دیا گیا۔

چیف کمشنر آفس اسلام آباد کی جانب سے نجی پلازے کو سب جیل قرار دینے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، وزارت داخلہ سے تمام قانونی مراحل مکمل ہونے کے بعد گرفتار غیر ملکی قیدیوں کو اسی سب جیل سے ملک بدر کیا جائے گا۔

گرفتار ملزمان میں ویتنام، انڈونیشیا اور چین کے شہری شامل ہیں، جن پر مختلف ایپلی کیشنز کے ذریعے سرمایہ کاری کا لالچ دے کر شہریوں سے مبینہ طور پر فراڈ کرنے کا الزام ہے، ایف آئی اے کی جانب سے گرفتار ملزمان کو نجی پلازے میں قائم سب جیل میں رکھا جائے گا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق قیدیوں اور سب جیل کی سکیورٹی کی ذمہ داری ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کو سونپی گئی ہے، جبکہ سب جیل کے ریکارڈ اور انتظامی امور کی نگرانی ایف آئی اے کا گریڈ 17 کا افسر کرے گا۔

چیف کمشنر آفس نے اس سے قبل 11 اگست کو بھی گلبرگ گرین کے نجی پلازے کو سب جیل کا درجہ دینے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، تاہم 14 اگست کو یہ نوٹیفکیشن واپس لے لیا گیا تھا۔

اب غیر ملکی قیدیوں کو دوبارہ نجی پلازے میں رکھنے کے لیے نیا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کرکے اس پر عمل درآمد شروع کردیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق گرفتار کیے گئے زیادہ تر غیر ملکی شہری سیاحتی ویزوں پر پاکستان میں قیام پذیر تھے۔

ادھر ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار غیر ملکی شہریوں کی ملک بدری کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کا عمل بھی شروع کردیا گیا ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...