معروف امریکی گلوکارہ بلی ایلش نے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا
لاہور: (ویب ڈیسک) معروف امریکی گلوکارہ بلی ایلش نے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا۔
میوزک پلیٹ فارم سپاٹیفائی پر بلی ایلش کے گانوں کو سننے والوں کی ماہانہ تعداد 100 ملین سے زیادہ ہو گئی ہے۔
بلی ایلش یہ اعزاز حاصل کرنے والی دنیا کی تیسری اور سب سے کم عمر فنکارہ بن گئی ہیں، اس سے قبل دی ویکینڈ اور ٹیلر سوئفٹ نے یہ سنگ میل عبور کیا تھا۔
22 سالہ بلی ایلش کے پاس دیگر فنکاروں کے مقابلے میں کم گانے ہیں لیکن ان کی موسیقی نے دنیا بھر میں سننے والوں کے دلوں میں گھر کر لیا ہے۔
اس وقت ان کے آٹھ گانے سپاٹیفائی کے "بلینز کلب" میں شامل ہیں، جن میں "لوولی"، "بیڈ گائے" اور "وین دی پارٹی اوور" شامل ہیں۔
رواں سال بلی ایلش کے لیے کامیابیوں سے بھرپور رہا ہے، انہوں نے اپنا تیسرا البم "ہٹ می ہارڈ اینڈ سافٹ" ریلیز کیا جو بل بورڈ 200 چارٹ پر دوسرے نمبر پر رہا۔
اس کے علاوہ بلی ایلش نے اس سال آسکر ایوارڈ بھی جیتا جس نے ان کی کامیابیوں میں مزید اضافہ کیا ہے، بلی ایلش کی یہ کامیابی ان کی محنت اور موسیقی کے ساتھ دنیا بھر کے لوگوں کے گہرے تعلق کا منہ بولتا ثبوت ہے۔