گزشتہ حکومت کی غلط پالیسیوں سے توانائی کے شعبہ میں گردشی قرضوں میں اضافہ ہوا،عمر ایوب
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر عمر ایوب کی جانب سے قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ گزشتہ حکومت کی غلط پالیسیوں کے باعث توانائی کے شعبے میں گردشی قرضوں میں اضافہ ہوا ہے۔
وزیر توانائی عمر ایوب خان نے وقفہ سوالات کے دوران ایوان کو بتایا کہ مسلم لیگ نون کی حکومت نے نقائص کے حامل توانائی معاہدے کئے اور مختلف ذرائع سے توانائی کے حصول پر توجہ مرکوز نہیں کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ یہ واجب الادا رقم جو 2013ء میں 18 کھرب 50 ارب روپے تھی۔ گزشتہ برس 86کھرب 50 ارب تک پہنچ گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں ان بجلی گھروں کو یہ رقم لازما ادا کرنا ہو گی چاہے ہم ان سے بجلی خریدیں یا نہ خریدیں۔
پارلیمانی سیکرٹری برائے خزانہ زین قریشی نے ایوان کو بتایا کہ مستقبل میں پائیدار اور جامع ترقی کے لئے معیشت میں تنظیمی توازن کے لئے حکومت کے اقتصادی اصلاحاتی ایجنڈے پر کام ہو رہا ہے۔
پارلیمانی امور کے وزیر مملکت علی محمد خان نے کہا کہ پاکستان سٹیزن پورٹل پر کی گئی شکایات پر ترجیحی بنیادوں پر توجہ دی جا رہی ہے۔